18 اگسٹ کو مہیشورم میں دلت گریجن جلسہ عام ، کانگریس کے اجلاس میں فیصلہ
حیدرآباد۔ /14 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے آج صبح مجسمہ نہرو عابڈس تا گاندھی بھون ترنگا ریالی منظم کی جائے گی اور گاندھی بھون میں پرچم کشائی انجام دی جائے گی۔ 18 اگسٹ کو مہیشورم اسمبلی حلقہ میں دلت گریجن جلسہ عام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ آج تلنگانہ کانگریس پولٹیکل افیرس کمیٹی کا زوم اجلاس منعقد ہوا جس کی تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی نے صدارت کی۔ کانگریس کے فلور لیڈر ملو بٹی وکرامارکا، اے آئی سی سی تلنگانہ انچارج سکریٹریز بوس راجو، سرینواس کرشنن، تلنگانہ پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹس گیتا ریڈی، جگا ریڈی، مہیش کمار گوڑ، تلنگانہ تشہیری کمیٹی کے صدرنشین مدھو گوڑ یشکی، کنوینر سید عظمت اللہ حسینی نے شرکت کی۔ پہلی مرتبہ اس اجلاس میں سینئر نائب صدور کو بھی مدعو کیاگیا۔ اجلاس میں اندراویلی میں دلت گریجن جلسہ عام کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کیا گیا۔ 18 اگسٹ کو چیوڑلہ پارلیمنٹ حلقہ کے حدود میں شامل اسمبلی حلقہ مہیشورم میں دلت گریجن جلسہ عام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گزشتہ اجلاسوں میں طئے پائے ایجنڈہ کے مطابق وفاداریاں تبدیل کرنے والے کانگریس کے ارکان اسمبلی کے خلاف قومی سطح پر مختلف اداروں میں شکایات درج کرانے اور ان کے خلاف احتجاجی مہم میں شدت پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے حکومت کی تائید میں کام کرنے والے اعلیٰ عہدیداروں کے خلاف بھی شکایت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔