کانگریس کی بھارت بچائو ریالی 14 ڈسمبر کو ہوگی

   

تاریخ میں تبدیلی، بڑی تعداد میں شرکت کو یقینی بنانے ریاستی یونٹس کو ہدایت
حیدرآباد۔ 20 نومبر (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے مرکزی حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف بھارت بچائو ریالی 30 نومبر کے بجائے 14 ڈسمبر کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے تمام ریاستوں کے صدور کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے تاریخ میں تبدیلی سے واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ اے آئی سی سی جنرل سکریٹریز محاذی تنظیموں کے سربراہ مختلف ڈپارٹمنٹس اور سل کے عہدیداروں کے علاوہ پی سی سی صدور اور سی ایل پی لیڈرس کے اجلاس میں بی جے پی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں بالخصوص معاشی پالیسیوں کے خلاف 30 نومبر کو بھارت بچائو ریالی رام لیلا میدان نئی دہلی میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ کے سی وینوگوپال نے کہا کہ مختلف وجوہات کے سبب ریالی کی تاریخ تبدیل کرتے ہوئے 14 ڈسمبر 11 بجے دن رام لیلا میدان نئی دہلی مقرر کی گئی ہے۔ صدر کانگریس نے تمام پردیش کانگریس کمیٹی صدور اور قائدین سے بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے۔ کے سی وینوگوپال نے پردیش کانگریس کمیٹیوں سے خواہش کی کہ وہ 14 ڈسمبر کی ریالی میں زیادہ سے زیادہ کارکنوں کی شرکت کو یقینی بنائیں اور تعداد کے بارے میں اے آئی سی سی کو اطلاع دیں۔