کانگریس کی تاریخ سیاسی سازشوں سے بھری ہوئی:یوگی

   

لکھنؤ۔ 2جنوری (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کانگریس پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ‘‘ ملک کی سب سے پرانی سیاسی پارٹی کی تاریخ سازشوں سے بھری پڑی ہے۔ دہشت گردوں کا ساتھ دینے کے لئے اس نے ملک کی اعلی تجربے کار ہستیوں کے خلاف بھی سازش کی۔ ’’مسٹر یوگی نے چہارشنبہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ کانگریس دہشت گردوں کے حقوق کے لئے لڑ رہی تھی اور گجرات کے سابق وزیرداخلہ امت شاہ کے خلاف لابنگ کرکے انہیں جیل بھیجنے کی سازش کی گئی۔کانگریس ملک میں نئی قیادت ابھرنے ہی نہیں دینا چاہتی تھی اس لئے وزیراعظم نریندر مودی اور امت شاہ کے خلاف سازشیں کرتی رہی۔انہوں نے کہا کہ عدالت کے فیصلوں سے ملک کے عوام کے سامنے کانگریس پارٹی کا سچ باہر آگیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ سونیا گاندھی اور من موہن سنگھ نے امت شاہ کے خلاف سازش کی تھی۔ملک کی سب سے پرانی پارٹی کی سازش عوام کے سامنے آگئی ہے ۔ مسٹر یوگی نے کہا کہ ابھی حال ہی میں مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی)کی خصوصی عدالت میں 2007 کے گجرات کے سہراب الدین اینکاؤنٹر معاملے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کے قومی صدر امت شاہ کو الزامات کے بری کیا گیاہے ۔مسٹر شاہ کو سپریم کورٹ نے 2014 میں اور اس سے پہلے ممبئی ہائی کورٹ نے بری کردیا تھا۔اس کے باوجود کانگریس کے لوگوں کے ذریعہ مسٹر مودی اور مسٹر شاہ کو ہدف بنا کر انہیں پھنسانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے فیصلے سے واضح ہوگیا ہے کہ کانگریس نے سیاسی حسد کی وجہ سے دونوں لیڈروں کو پھنسانے کی سازش کی تھی۔
سابق وزیراعظم من موہن سنگھ پر طنزکرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مسٹرمودی اور مسٹر شاہ کے خلاف سازش کرنے کے لئے کچن کابینہ کا ساتھ دیا۔جبکہ دونوں لیڈر ایسی سیاسی طاقتوں کے خلاف لڑ رہے تھے جو قومی سلامتی کے ساتھ کھلواڑ کررہی تھیں۔

مسٹر یوگی نے کہا کہ کانگریس کو صرف سہراب الدین معاملے میں ہی نہیں رافیل مسئلے پر بھی ملک سے معافی مانگنی چاہئے ۔رافیل مسئلے پر واضح ہے کہ کانگریس سیاسی مفاد کو پورا کرنے کے لئے کسی بھی حد تک جاسکتی ہے ۔کانگریس ابھرتے ہوئے لوگوں کو نشانہ بناتی ہے ۔مسٹر مودی اور مسٹر شاہ کے خلاف کی گئی سازش اس بات کی مثال ہے ۔اگستا ویسٹ لینڈ معاملے میں کانگریس کا جھوٹ باہر آگیا ہے ۔کرشچین مشیل کے بیان سے واضح ہے کہ اس معاملے میں دلالی کی گئی
تھی ۔

قابل ذکر ہے کہ گینگسٹر سہراب الدین شیخ،اس کی بیوی کوثر اور ساتھی تلسی پرجاپتی کے مبینہ فرضی اینکاؤنٹر معاملے میں 21 اہلکاروں سمیت سبھی 22ملزمین کو یہاں سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے 21 دسمبر کو بری کردیا تھا۔