ریونت ریڈ ی نے کمسن لڑکے کو گود میں اٹھایا،ریاست بھر میںحکومت کے خلاف جدوجہد کا اعلان
حیدرآباد۔/24 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے میڑچل ضلع کے موڑو چنتلا پلی میں آج سے دو روزہ بھوک ہڑتال کا آغاز کیا تاکہ ریاست میں دلتوں اور گریجن طبقات کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کو اجاگر کیا جاسکے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی صدارت میں دو روزہ احتجاج کا آغاز ہوا جس میں کانگریس کے سینئر قائدین کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں دلت اور گریجن طبقات نے شرکت کی۔ چیف منسٹر کے اڈاپٹ کردہ اس گاؤں میں ترقی اور عوام کی بھلائی کو نظرانداز کرنے کو بے نقاب کرنے کیلئے پارٹی نے اس مقام کا تعین کیا ہے۔ 2015 میں کے سی آر نے چیف منسٹر کی حیثیت سے اس گاؤں کو اڈاپٹ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ریونت ریڈی کو حیدرآباد سے جلوس کی شکل میں موڑو چنتلا پلی لے جایا گیا۔ صبح سے ہی دھرنے کے مقام پر عوام کی آمد کا سلسلہ شروع ہوچکا تھا۔ ملکاجگیری ضلع سے تعلق رکھنے والے دلت اور گریجن طبقات کو بطور خاص مدعو کیا گیا۔ قبائیلیوں کے روایتی طریقہ کار اور رسم و رواج کے تحت ریونت ریڈی کا استقبال کیا گیا۔ ریونت ریڈی نے قبائیلی لباس قبول کیا اور ان کا مخصوص گیت گایا۔ احتجاج کے دوران گریجن طبقہ کے ایک کمسن بچہ کو ریونت ریڈی نے گود میں اٹھالیا اور دلت اور گریجن طبقات سے انصاف کی جدوجہد کیلئے کمسن بچہ کا ہاتھ اٹھاکر نعرہ لگایا۔ کئی دلت اور گریجن طبقات کی خواتین نے ریونت ریڈی کو اپنے بچوں سے متعارف کرایا۔ اس موقع پر کانگریس قائدین نے دلتوں اور گریجن طبقات سے چیف منسٹر کے سی آر کی ہمدردی کو محض دکھاوا قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دلت بندھو اسکیم صرف انتخابی کامیابی کے مقصد سے متعارف کی گئی ہے۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے دلت اور گریجن طبقات سے اپیل کی کہ اگر انہیں باوقار اور باعزت زندگی بسر کرنی ہو تو کانگریس پارٹی کی تائید کریں۔ سابق صدرپردیش کانگریس پونالہ لکشمیا نے کہا کہ بدعنوانیوں کے نتیجہ میں کے سی آر کا جیل جانا یقینی ہے۔ 2014 میں کے سی آر کے خلاف سی بی آئی نے 3 مقدمات درج کئے تھے اور آنے والے دنوں میں کے سی آر کا جیل جانا تقریباً طئے ہے۔ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ دلتوں اور دیگر کمزور طبقات کیلئے کانگریس کی جدوجہد جاری رہے گی۔ دھرنے میں شرکت اور خطاب کرنے والوں میں صدر ضلع کانگریس این سریدھر، ایس سی سل کے صدرنشین پریتم ، ایس ٹی سل کے صدرنشین جگن لال نائیک، تشہیری کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی، پروگرام کمیٹی کے انچارج مہیشور ریڈی، سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر، کنوینر تشہیری کمیٹی عظمت اللہ حسینی، ورکنگ پریسیڈنٹس گیتا ریڈی، محمد اظہر الدین، انجن کمار یادو، رکن اسمبلی سیتکا، سابق مرکزی وزیر بلرام نائیک، سابق ایم ایل سی راملو نائیک، نائب صدر ملو روی، سابق ایم پی راجیا اور دیگر قائدین شامل ہیں۔R