پرینکا گاندھی کا 31 اکٹوبر کولا پور میں جلسہ عام سے خطاب، سینئر قائدین کے آج سے اضلاع کے دورے
حیدرآباد۔/25 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس امیدواروں کی دوسری فہرست کو قطعیت دینے کیلئے آج نئی دہلی میں سنٹرل الیکشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی، انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے، مرلیدھرن اور کمیٹی کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ64 باقی نشستوں کے امیدواروں کے مسئلہ پر تبادلہ خیال ہوا اور 10 اسمبلی حلقہ جات کے بارے میں قطعی فیصلہ نہیں کیا جاسکا۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ دو دنوں میں 10 نشستوں کے امیدواروں کے ناموں کو راہول گاندھی سے مشاورت کے بعد قطعیت دی جائے گی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق امیدواروں کے انتخاب کے سلسلہ میں راہول گاندھی کا راست رول ہے اور وہ پارٹی کے حکمت عملی ساز سنیل کونگلو کی رپورٹ کی بنیاد پر انتخاب کررہے ہیں۔ اسی دوران کانگریس نے تلنگانہ میں پارٹی کی انتخابی مہم کے دوسرے مرحلہ کے طور پر 28 اکٹوبر سے بس یاترا کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق دوسرے مرحلہ کی بس یاترا میں جو 28 اکٹوبر سے یکم نومبر تک جاری رہے گی اس میں راہول گاندھی، پرینکا گاندھی اور چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا شرکت کریں گے۔ بس یاترا محبوب نگر، رنگاریڈی، میدک اور نلگنڈہ اضلاع کا احاطہ کرے گی۔ راہول گاندھی اس موقع پر پارٹی کے انتخابی منشور کو جاری کریں گے۔ اسی دوران 31 اکٹوبر کو پرینکا گاندھی کولا پور اسمبلی حلقہ میں کانگریس کے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ اس موقع پر پارٹی کے میناریٹیز ڈیکلریشن کی اجرائی کا امکان ہے جبکہ چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا کے ہاتھوں بی سی ڈیکلریشن جاری کیا جائے گا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق پرینکا گاندھی دوسرے مرحلہ کی بس یاترا کے پہلے دن شریک ہوں گی جبکہ 31 اکٹوبر کو نئی دہلی سے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچنے کے بعد سیدھے کولا پور روانہ ہوں گی۔ پارٹی نے بس یاترا سے قبل 26 اور 27 اکٹوبر کو پارٹی کی چھ ضمانتوں کے بارے میں عوام کو واقف کرانے کیلئے سینئر قائدین کے دوروں کو قطعیت دی ہے۔ تلنگانہ انچارج مانک راؤ ٹھاکرے، ریونت ریڈی، اتم کمار ریڈی اور دیگر سینئر قائدین روزانہ دو اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ کریں گے۔ کانگریس پارٹی نے امیدواروں کے اعلان کے بعد مہم میں شدت پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔