دواخانوںکا دورہ: ڈی سریدھر بابو
حیدرآباد۔/8 ستمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی ڈی سریدھر بابو نے بتایا کہ کانگریس ہائی کمان نے پارٹی کی رکنیت سازی کے آغاز کی ہدایت دی ہے۔ 15 ستمبر کو محبوب نگر میں رکنیت سازی کے آغاز کے سلسلہ میں پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سریدھر بابو نے کہا کہ کانگریس کی رکنیت حاصل کرنے والے افراد کو انشورنس فراہم کرنے کے سلسلہ میں بھٹی وکرامارکا اور سابق رکن پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی کی 150 ویں جینتی تقاریب بڑے پیمانے پر منعقد کی جائیں گی۔ مہاتما گاندھی کے نظریات کو عام کرنے کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں انتخابات کے پیش نظر کارکنوں کیلئے تربیتی کلاسیس کا بدستور اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 10 افراد کو تربیتی کلاسیس کے سلسلہ میں اے آئی سی سی کے تربیتی سیشن میں روانہ کیا جائے گا۔ سریدھر بابو نے کہاکہ کانگریس قائدین 9 ستمبر کو تمام ضلع ہیڈکوارٹرس پر سرکاری دواخانوں کا معائنہ کرتے ہوئے وبائی امراض کے علاج کی سہولتوں کی جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے یوریا کی قلت کیلئے حکومت کو ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ قطار میں فوت ہونے والے کسان کے بارے میں وزیر زراعت نے توہین آمیز ریمارکس کئے ہیں۔ خریف و ربیع کے کیلئے حکومت نے فی ایکر 5 ہزار روپئے کی ادائیگی کا اعلان کیا تھا لیکن 50 فیصد کسانوں کو ابھی تک یہ رقم جاری نہیں کی گئی۔ کسانوں کو قرض معافی اسکیم پر عمل آوری کا ابھی انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ کے مسائل کے سلسلہ میں تمام ضلع ہیڈکوارٹرس پر 11 ستمبر کو کانگریس پارٹی دھرنا منظم کرے گی۔ سریدھر بابو نے بتایا کہ یورانیم کیلئے کھدائی کے مسئلہ پر جدوجہد کیلئے سینئر قائد وی ہنمنت راؤ کی قیادت میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
