کانگریس کی صدارت معمولی عہدہ، وینکٹ ریڈی

   

ریونت ریڈی چھوٹے بچے‘ رکن پارلیمنٹ بھونگیر کا ریمارک
حیدرآباد۔/11جولائی، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے ریمارک کیا کہ پردیش کانگریس کی صدارت ان کی نظر میں چھوٹا عہدہ ہے اور ریونت ریڈی ابھی چھوٹے بچے ہیں۔ نئی دہلی میں مرکزی وزیر سیاحت کشن ریڈی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے پہلے تو پارٹی اور سیاسی اُمور پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا تاہم میڈیا کے سوالات پر انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کو استحکام کے ساتھ آگے بڑھانے کیلئے اہل قیادت نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ قائدین کو سیاست ترک کرکے ترقی کیلئے کام کرنا چاہیئے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ہر شخص کا اپنے حلقہ میں کامیابی حاصل کرلینا فی الوقت بڑی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل پر وہ مرکز اور ریاستی حکومتوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں وینکٹ ریڈی نے کہا کہ وہ کانگریس پارٹی میں برقرار رہیں گے اور پارٹی چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی موجودہ قیادت پارٹی کو آگے نہیں بڑھا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کے بارے میں وہ مزید کچھ کہنے سے قاصر ہیں۔ میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ سیاسی اُمور پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا۔ حلقہ کے عوام کے مسائل پر میں توجہ مرکوز کرچکا ہوں اور ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں مرکزی وزراء سے نمائندگی کی جارہی ہے۔