جھوٹے الزامات میں پھنسانے کی کوشش، عنقریب سینئر قائدین سے مشاورت کے بعد احتجاجی لائحہ عمل طے ہوگا
حیدرآباد۔ 18 مارچ (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت ریونت ریڈی کو جھوٹے مقدمات میں پھانس کر ہراساں کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ کانگریس پارٹی کی مکمل تائید ریونت ریڈی کے ساتھ ہے۔ اتم کمار ریڈی نے ریونت ریڈی کی گرفتاری کے مسئلہ پر اسپیکر لوک سبھا سے نمائندگی کی اور وہ کل وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کرتے ہوئے ٹی آر ایس حکومت کی ہراسانی سے واقف کرائیں گے۔ دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پولیس نے حکومت کے دبائو میں مقدمات درج کئے اور ناقابل ضمانت دفعات کے تحت جیل بھیج دیا گیا۔ اسپیکر لوک سبھا سے اس سلسلہ میں مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے دو مرتبہ نمائندگی کی گئی۔ لوک سبھا کی مراعات کمیٹی سے نمائندگی کی گئی تاکہ رکن پارلیمنٹ کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کانگریس قائدین کو ہراساں کرتے ہوئے بے قاعدگیوں کی پردہ پوشی کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر پارٹی کے سینئر قائدین سے مشاورت کے بعد عوامی سطح پر احتجاج منظم کیا جائے گا۔ اتم کمار ریڈی نے گرفتاری کو سیاسی انتقامی کارروائی سے تعبیر کیا اور کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت جیل بھیجا گیا۔ لوک سبھا اجلاس کے دوران پارلیمنٹ کے رکن کو حراست میں نہیں رکھا جاسکتا اس کے باوجود مقامی عدالت نے ضمانت کو منظوری نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کی گرفتاری، جی او 111 اور کے ٹی آر کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات کے مسئلہ پر پارلیمنٹ سیشن کے بعد سینئر قائدین سے مشاورت کرتے ہوئے آئندہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس خاندان کے رکن اور میرے ساتھی رکن پارلیمنٹ کو محروس رکھنے کی سختی سے مذمت کرتا ہوں۔ معمولی باتوں پر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ ریاستی حکومت نے رکن پارلیمنٹ کی مراعات کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے تلنگانہ میں کانگریس قائدین کی ہراسانی کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کیا۔