کانگریس کی پالیسی ’پھوٹ ڈالو، جھوٹ بولو، حکمرانی کرو‘ ۔ وزیراعظم کاد عویٰ

,

   

’شمال ۔ جنوب‘ کے تبصرہ پر راہول گاندھی کیخلاف برہمی۔ اپوزیشن پارٹی کو ملک بھر میں مسترد کیا جارہا ہے: مودی

پڈوچیری : کانگریس لیڈر راہول گاندھی کو اُن کے حالیہ ’’شمال ۔ جنوب‘‘ ریمارکس پر شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج الزام عائد کیاکہ اِس اپوزیشن پارٹی کی پالیسی ’’پھوٹ ڈالو، جھوٹ بولو اور حکمرانی کرو‘‘ ہے۔ کسی بھی طرح کی نرمی، کوئی لحاظ کئے بغیر وزیراعظم نے کہاکہ کانگریس کا آمرانہ سیاست، شاہانہ سیاست، سرپرستی والی سیاست کا کلچر اب ختم ہورہا ہے اور سارے ملک میں عوام اِس پارٹی کو مسترد کررہے ہیں۔ اُنھوں نے راہول کے استدلال پر حیرانی کا اظہار کیاکہ سمکیات سے متعلق مخصوص وزارت نہیں ہے۔ مودی نے آنے والے مہینوں میں انتخابات والے پڈوچیری میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ (کانگریس) جھوٹ بولنے میں گولڈ، سلور اور برونز میڈل یافتہ ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ مرکزی زیرانتظام علاقہ کے عوام کانگریس کی غلط حکمرانی سے آزادی کی خوشی منارہے ہیں۔ مودی نے سابق چیف منسٹر پڈوچیری وی نارائنا سامی پر بھی تنقید کی کیوں کہ انھوں نے ’ہائی کمان‘ سے چلنے والی حکومت کی سربراہی کی جس نے دہلی میں چند کانگریس قائدین کے مفادات کی تکمیل کی ہے۔ مودی نے نارائنا سامی نے اِس بات پر بھی تنقید کی کہ اُنھوں نے کانگریس لیڈر کے یہاں 15 روز قبل دورے کے موقع پر حکومت کے خلاف ایک خاتون کی شکایت کے تعلق سے دروغ گوئی سے کام لیا۔ پڈوچیری کو مختلف شعبوں میں زبردست صلاحیت والا خطہ قرار دیتے ہوئے مودی نے کہاکہ این ڈی اے کا مقصد ہے کہ اِسے بہترین علاقہ بنایا جائے اور یہاں بزنس، ایجوکیشن، ٹورازم وغیرہ کا مرکز قائم کیا جائے۔ کانگریس کے خلاف اپنی تنقید جاری رکھتے ہوئے مودی نے کہاکہ پڈوچیری میں 5 سال تک کانگریس کا جو کلچر آپ نے دیکھا، وہی قومی سطح پر اِس پارٹی کی شناخت ہے۔ چنانچہ کانگریس زیرقیادت حکومت مختلف استعفوں کے تناظر میں اقلیت میں آگئی اور گرگئی۔ مودی نے کہاکہ سامراجی حکمرانوں کی پالیسی رہی کہ پھوٹ ڈالو اور حکمرانی کرو۔ کانگریس کی پالیسی ہے کہ پھوٹ ڈالو، جھوٹ بولو اور حکمرانی کرو۔ بعض اوقات اِس پارٹی کے لیڈر ایک خطہ کو دیگر کے خلاف کھڑا کردیتے ہیں اور بعض اوقات ایک برادری کو دوسری برادری سے لڑاتے ہیں۔ مودی نے راہول کو اُن کے وزارت سمکیات سے متعلق بیان پر ہدف تنقید بنایا اور کہاکہ 2019 ء میں این ڈی اے حکومت مرکز میں وزارت سمکیات قائم کرچکی ہے۔

پڈوچیری میں وزیراعظم مودی نے مختلف پراجکٹوں کا آغاز کیا
پڈوچیری : وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کویہاں کئی تکمیل شدہ پراجکٹوں کا افتتاح کیا اور بعض دیگر کے لئے سنگ بنیاد رکھا جن میں بندرگاہوں اور شاہراہوں سے متعلق پراجکٹس شامل ہیں۔ وزیراعظم نے سرکاری زیرانتظام جپ میر میں ایک بلڈ سنٹر کا افتتاح کیا۔ یہ اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا گرلز ہاسٹل بمقام لازپیٹ میں واقع ہے۔ مودی نے ایک قومی شاہراہ پر 4 لین کے کام کا سنگ بنیاد رکھا۔ اِسی طرح میڈیکل کالج بلڈنگ اور بعض دیگر کاموں کا بھی آغاز کیا۔ وزیراعظم نے مرکزی زیرانتظام علاقہ میں اندرا گاندھی اسپورٹس کامپلکس میں سنتھیٹک ایتھلیٹک ٹریک کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔