کانگریس کی پولیٹیکل افیئرس کمیٹی اور اڈوائزری کمیٹی کا کل اجلاس

   

پارٹی کے استحکام پر میناکشی نٹراجن کی توجہ، نئے نائب صدور و جنرل سکریٹریز سے مشاورت
حیدرآباد۔ 22 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس قائدین اور کیڈر کو مجالس مقامی کے انتخابات کے لئے سرگرم اور پوری طرح متحرک کرنے کے مقصد سے تلنگانہ انچارج میناکشی نٹراجن نے 24 جون کو نوتشکیل شدہ کمیٹیوں کے اجلاس طلب کئے ہیں۔ کانگریس پارٹی ہائی کمان نے حال ہی میں پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدور، جنرل سکریٹریز کے تقرر کے علاوہ کوآرڈنیشن کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی ہے۔ میناکشی نٹراجن اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کی موجودگی میں صبح 11 بجے پولیٹیکل افیئرس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا۔ پارٹی ہائی کمان نے نئی کمیٹی میں بعض سینئر قائدین کو شامل نہیں کیا ہے اور انہیں اڈوائزری کمیٹی میں بطور رکن شامل کیا گیا۔ پولیٹیکل افیئرس کمیٹی کا یہ پہلا اجلاس ہوگا جس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا بھی شریک ہوں گے۔ دوپہر میں پردیش کانگریس اڈوائزری کمیٹی کا بھی ایک اجلاس ہوگا۔ میناکشی نٹراجن نے نائب صدور اور جنرل سکریٹریز کا اجلاس بھی طلب کیا ہے جس میں عہدیداروں کو احکامات تقرر حوالے کئے جائیں گے۔ میناکشی نٹراجن تلنگانہ میں کانگریس کے استحکام پر خصوصی توجہ مرکوز کرچکی ہیں۔ 1