کانگریس کے استحکام اور عوام کی بھلائی کیلئے راہول گاندھی کی قیادت ضروری

   

آل انڈیا کانگریس کمیٹی میناریٹی ڈپارٹمنٹ قومی عاملہ کی قرارداد، مرکزی و ریاستی قائدین کی شرکت
حیدرآباد۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے میناریٹی ڈپارٹمنٹ نے نئی دہلی میں منعقدہ قومی عاملہ کے اجلاس میں قرارداد منظور کرتے ہوئے راہول گاندھی کو اے آئی سی سی صدر کے عہدہ پر فائز کرنے کی تائید کی ہے۔ نئی دہلی میں منعقدہ قومی عاملہ کے اجلاس میں تمام ریاستوں کے میناریٹی ڈپارٹمنٹس کے صدورنشین اور عہدیداروں نے شرکت کی۔ اے آئی سی سی کے قائدین پون بنسل، سابق وزیر سلمان خورشید، سابق وزیر مکل واسنک اور سابق صدرنشین آل انڈیا کانگریس کمیٹی میناریٹیز ڈپارٹمنٹ عمران قدوائی کے علاوہ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی طارق انور، قومی صدرنشین میناریٹی ڈپارٹمنٹ ندیم جاوید، میناریٹی ڈپارٹمنٹ تلنگانہ کے صدرنشین شیخ عبداللہ سہیل اور دیگر ریاستوں کے اقلیتی قائدین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملک کے موجودہ حالات میں کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس نے راہول گاندھی سے اپیل کی کہ وہ اے آئی سی سی کی صدارت قبول کرتے ہوئے پارٹی کے استحکام کو یقینی بنائیں۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کانگریس کارکن اور عوام موجودہ صدر سونیا گاندھی کی خدمات کی ستائش کرتے ہیں جنہوں نے ملک کی ترقی میں اہم رول ادا کیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ پارٹی ایک نازک صورتحال سے گذر رہی ہے جہاں ایسے قائد کی ضرورت ہے جو بے باکی اور جرأتمندی کے ساتھ عوام کے مفادات کے تحفظ کی جدوجہد کرے اور عوام کی آواز کو حکومت تک پہنچائے۔ سابق صدر کانگریس راہول گاندھی کو متفقہ طور پر صدارت کیلئے قبول کیا گیا ہے۔ راہول گاندھی عوام کی خواہشات اور امنگوں کو بخوبی سمجھ سکتے ہیں اور وہ ملک کو عوام کی بھلائی پر گامزن کرنے کا نظریہ رکھتے ہیں۔ راہول گاندھی کو عوام اور پارٹی کے حق میں اے آئی سی سی کی صدارت فوری قبول کرنی چاہیئے۔