کانگریس کے امیدوار کا آر ایس ایس سے تعلق : ہریش راؤ

   

بی جے پی ڈک آوٹ اور کانگریس پارٹی رن آوٹ
حیدرآباد ۔ 28 اکٹوبر (سیاست نیوز) وزیرفینانس و صحت ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس نے ایسے امیدوار کو ٹکٹ دیا ہے جس نے کبھی کہا تھا کہ وہ جب مرجائیں تو ان کے جسم کو آر ایس ایس پرچم میں لپٹا جائے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ انتخابات میں بی آر ایس 100 سے زیادہ اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کرکے سنچری مکمل کرے گی جبکہ بی جے پی جہاں ڈک آوٹ ہوگی وہیں کانگریس رن آوٹ ہوجائے گی۔ عادل آباد اسٹیشن گھن پور میں جلسہ سے خطاب میں ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس میں مقابلہ کرنے امیدوار دستیاب نہیں ہیں۔ کانگریس ٹکٹ فروخت کررہی ہے۔ خود کانگریس قائدین اس کا الزام عائد کررہے ہیں یہاں تک کہ عادل آباد کا ٹکٹ بھی فروخت کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس نے 88 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ اس بار 100 سے زائد حلقوں پر کامیابی حاصل کریگی۔ ریاست میں 6 ضمانتوں کا اعلان کرنے والی کانگریس کی خود وارنٹی نہیں ہے۔ دھوکہ اور دغابازی کا دوسرا نام کانگریس ہے۔ پڑوسی کرناٹک میں کانگریس نے 5 گیارنٹی کا اعلان کیا۔ عوام نے کانگریس پر بھروسہ کیا۔ اقتدار ملنے کے بعد وعدوں سے انحراف کیا گیا جس پر کرناٹک کے کسان کانگریس کے وعدوں پر بھروسہ نہ کرنے عوام سے اپیل کررہے ہیں۔ تلنگانہ میں عوام کو 24 گھنٹے برقی حاصل ہے۔ کانگریس پر بھروسہ کیا گیا تو برقی کی سربراہی گھٹ کر 3 گھنٹوں تک محدود ہوجائے گی۔ شہر کے علاوہ ضلع ہیڈکوارٹرس پر اراضیات کی قیمت گھٹ جائیگی۔ تلنگانہ میں بی آر ایس کو مسلسل تیسری کامیابی ملنے کے بعد ریتو بندھو اسکیم کی امدادی رقم 16 ہزار کروڑ ہوجائے گی۔ 400 روپئے میں پکوان گیس دستیاب ہوگا۔ پنشن 5 ہزار روپئے ہوجائیگا۔ 5 لاکھ روپئے کے سی آر انشورنس دیا جائیگا۔ فلاحی اسکیمات جاری رہینگی۔ اگر کانگریس پر بھروسہ کیا گیا تو تمام اسکیمات ختم ہوجائیں گی، امن و امان برباد ہوجائے گا، ترقی رک جائے گی، ہر طرف لوٹ مار ہوگی، بدعنوانیاں عام ہوجائیں گی۔ اس لئے وہ عوام سے اپیل کررہے ہیں ووٹ دینے سے قبل سوچے پھر بی آر ایس کو ووٹ دیں۔ن