کانگریس کے رکن کونسل جیون ریڈی نے دلت بندھو اسکیم کی تائید کی

   

حکومت کی غیر متوقع طور پر تائید، ریاست بھر میں عمل آوری کا مطالبہ
حیدرآباد۔یکم؍ اگسٹ، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے دلتوں کی بھلائی کیلئے شروع کردہ دلت بندھو اسکیم کو غیر متوقع طور پر کانگریس کی تائید حاصل ہوئی ہے۔ کانگریس کے رکن کونسل ٹی جیون ریڈی نے جو حکومت پر ہمیشہ تنقیدوں میں آگے رہے ہیں انہوں نے دلت بندھو اسکیم کی ستائش کی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے اسکیم پر عمل آوری کے فیصلہ کی ستائش کی۔ یہ اسکیم دلتوں کی ہمہ جہتی ترقی میں معاون ثابت ہوگی۔ جیون ریڈی نے کہا کہ بعض گوشوں کا احساس ہے کہ حکومت نے حضورآباد اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کے پیش نظر یہ اسکیم متعارف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو اسمبلی میں یہ اعلان کرنا چاہیئے کہ اسکیم ریاست کے تمام دلتوں کیلئے قابل عمل رہے گی۔ جیون ریڈی نے یاد دلایا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے سابق میں چیلنج کیا تھا کہ اگر مشن بھگیرتا کے تحت ہر گھر کو پانی کی سربراہی میں ناکام ہوتے ہیں تو وہ عوام سے ووٹ نہیں مانگیں گے۔ انہوں نے چیف منسٹر سے خواہش کی کہ وہ دلت بندھو اسکیم کے بارے میں اسی طرح کا عہد کریں۔