حیدرآباد۔ 4 اگست (این ایس ایس) کانگریس کے مستعفی صدر راہول گاندھی کے جانشین کے انتخاب کیلئے قومی دارالحکومت میں تنظیمی سرگرمیوں میں شدت پیدا ہوگئی۔ اس پارٹی کے اہم قائدین کا ایک اجلاس 10 اگست کو منعقد ہوگا، جس میں اس مسئلہ پر قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ قبل ازیں اگرچہ کسی سینئر لیڈر کو عبوری صدر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کانگریس اب اپنا مستقل صدر مقرر کرسکتی ہے۔ دوٹوک انداز میں بات کرنے کیلئے مشہور سمجھے جانے والے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے کہا تھا کہ کانگریس پارٹی قیادت کے بغیر چل رہی ہے، تھرور نے اپنی پارٹی کے فیصلہ ساز اداروں کانگریس ورکنگ کمیٹی کو خبردار کیا تھا کہ صدر کے تقرر میں کسی قسم کی تاخیر اس پارٹی کے کئی قائدین اور کارکن پارٹی کے انحراف و دل بدلی کا سبب بن سکتی ہے۔ تھرور کی اس وارننگ کے بعد یہ اجلاس طلب کیا گیا ہے۔
