سڑک پر پکوان، مہنگائی پر قابو پانے میں مودی حکومت ناکام
حیدرآباد۔/4 ستمبر، ( سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جانب سے نئی دہلی میں مہنگائی کے خلاف ہلہ بول احتجاج کے ضمن میں تلنگانہ مہیلا کانگریس نے حیدرآباد میں احتجاج منظم کیا۔ مرکز کی جانب سے مہنگائی پر قابو پانے میں ناکامی اور پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے خلاف گاندھی بھون کے احاطہ میں احتجاج منظم کیا گیا۔ حیدرآباد، رنگاریڈی اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے سڑک پر پکوان کرتے ہوئے اپنا احتجاج درج کروایا۔ پکوان کے مقام پر وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر اور اشیائے ضروریہ کی تصاویر کے علاوہ گیس سلینڈر رکھا گیا تاکہ عوامی ردعمل کا اظہار کیا جاسکے۔ صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ کی ہدایت پر حیدرآباد میں منعقدہ احتجاج میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مہیلا قائدین نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے آٹھ برسوں میں مہنگائی پر قابو پانے سے متعلق وعدہ کو پورا نہیں کیا ہے۔ یو پی اے دور حکومت میں پٹرول، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتیں متوسط طبقات کے لئے قابل برداشت تھیں لیکن گزشتہ آٹھ برسوں میں مسلسل اضافہ کے نتیجہ میں غریب و متوسط طبقات کا جینا دوبھر ہوچکا ہے نریندر مودی حکومت غریبوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ احتجاج میں انچارج کوآرڈینیٹر نیلم پدما، صدر حیدرآباد مہیلا کانگریس ورا لکشمی سدا لکشمی، جیماں، سریتا رادھا، ایس اندرا، دھنا لکشمی مادھوی، ستیہ لکشمی کویتا، پشپا ریڈی سوجنیا، شبانہ جیلانی اور دوسروں نے شرکت کی۔ر