کانگریس ہائی کمان کو ٹی آر ایس سے دوری برقرار رکھنے کا مشورہ

   

راہول گاندھی سے ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ کی ملاقات کے بعد مختلف قیاس آرائیاں، ریونت ریڈی اور دیگر قائدین متحرک
حیدرآباد۔/5ڈسمبر، ( سیاست نیوز) دھان کی خریدی کے مسئلہ پر ٹی آر ایس کی بی جے پی سے دوری نے دہلی میں ٹی آر ایس کو کانگریس کے قریب کردیا ہے۔ یہ غیر معمولی تبدیلی تلنگانہ کے کانگریس قائدین کی صفوں میں ہلچل پیدا کردی ہے کیونکہ اگر قومی سطح پر ٹی آر ایس اور کانگریس میں اتحاد ہوگا تو اس کا اثر تلنگانہ پر بھی پڑے گا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے موجودہ تبدیلی کے سلسلہ میں فوری متحرک ہوتے ہوئے کانگریس ہائی کمان کو باخبر کیا ہے کہ وہ ٹی آر ایس کو قریب آنے کا موقع نہ دیں اور مفاہمت کے سلسلہ میں کے سی آر پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔ دھان کی خریدی کے سلسلہ میں گزشتہ ایک ماہ سے جاری تنازعہ کے پیش نظر ٹی آر ایس نے ایک طرف پارلیمنٹ میں اپنا احتجاج جاری رکھا ہے تو دوسری طرف کانگریس کی جانب سے طلب کردہ اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے نئی سیاسی صف بندی کا اشارہ دیا ہے۔ راہول گاندھی کے طلب کردہ اجلاس میں اور پھر راجیہ سبھا ارکان کی معطلی کے خلاف احتجاج میں ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی جس کے بعد سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیاں کی جانے لگیں کہ ٹی آر ایس نے این ڈی اے کی بجائے یو پی اے سے قربت اختیار کرلی ہے۔ اگر قومی سطح پر مفاہمت ہوتی ہے تو تلنگانہ میں ریونت ریڈی کی زیر قیادت قائدین کو مخالف ٹی آر ایس مہم میں دشواریاں پیش آئیں گی۔ کانگریس قائدین جو ریاست میں 2023 میں اقتدار کا خواب دیکھ رہے تھے وہ کسی بھی مفاہمت کو روکنے کیلئے متحرک ہوچکے ہیں۔ ر