کانگریس ہندوستان کی سب سے بڑی بدعنوان جماعت : کے ٹی آر

   

Ferty9 Clinic

وعدوں سے انحراف کرتے ہوئے صرف تباہی اور مسماری کی سیاست کو فروغ دینے کا الزام
حیدرآباد 8 جنوری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہاکہ کانگریس ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی بدعنوان جماعت ہے۔ تلنگانہ میں اقتدار حاصل کرنے کے بعد عوامی فلاح و بہبود کے بجائے صرف تباہی اور مسماری کی سیاست کو فروغ دے رہی ہے۔ اسمبلی حلقہ کولہاپور ضلع محبوب نگر کے کانگریس قائدین نے آج تلنگانہ بھون پہونچ کر کے ٹی آر سے ملاقات کی اور بی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے کہاکہ کانگریس پارٹی نے ریاست میں اقتدار حاصل کرنے کے لئے عوام سے کبھی پورے نہ ہونے والے ڈھیر سارے وعدے کئے۔ جن پر بھروسہ کرتے ہوئے عوام نے کانگریس کو ووٹ دیا۔ اقتدار حاصل کرنے کے 2 سال مکمل ہونے کے بعد چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا جس پر آج ریاست کے عوام کانگریس کو ووٹ دینے سے اپنے پچھتاوے کا اظہار کررہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہاکہ کانگریس کی انہدامی سیاست کا آغاز محبوب نگر میں معذور افراد کی کالونی منہدم کرنے سے ہوا جو انتہائی افسوسناک اور غیر انسانی اقدام ہے۔ انھوں نے کہاکہ جو پارٹی کمزور اور مجبور طبقات کے گھروں کو توڑ کر فخر کا اظہار کرے وہ کبھی عوامی ہمدردی کی دعویدار نہیں ہوسکتی۔ کے ٹی آر نے کہاکہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں ترقی اور فلاح و بہبود کو ترجیح دی گئی۔ جبکہ موجودہ کانگریس حکومت عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے صرف وعدوں اور بیانات تک محدود ہوکر رہ گئی ہے۔ کے ٹی آر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس کے دعوؤں اور زمینی حقیقت کے درمیان فرق کو سمجھیں اور تلنگانہ کے مفاد میں ہوشیار ہوجائیں۔ انھوں نے ریاستی وزیر جے کرشنا راؤ کو اقتدار کا پجاری قرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ جب تک بی آر ایس میں تھے کے سی آر کی جی حضوری کرتے تھے۔ کانگریس میں اپنی وزارت کو برقرار رکھنے کے لئے اب چیف منسٹر ریونت ریڈی کی خوش آمدید کرتے ہوئے بی آر ایس کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔ اس موقع پر بی آر ایس کے جنرل سکریٹری پروین کمار، سابق ارکان اسمبلی اے وینکٹیشور ریڈی، پی نریندر ریڈی، سابق صدرنشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن امتیاز اسحق کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔2