بڑی تعداد میں کارکنوں کی شرکت، انجن کمار یادو کا بیان
حیدرآباد۔ 26 ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو نے کہا کہ 28 ڈسمبر کو کانگریس کے یوم تاسیس کے موقع پر گاندھی بھون سے ریالی منظم کی جائے گی۔ انہوں نے کانگریس قائدین کے اجلاس میں ریالی کی تیاریوں سے واقف کرایا اور کہا کہ ہندوستان بچائو اور دستور بچائو نعرے کے تحت ریالی کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ حیدرآباد کے علاوہ شہر کے مضافاتی علاقوں کے اسمبلی حلقہ جات سے پارٹی کارکنوں کی شرکت کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ انجن کمار نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت کے مخالف دستور فیصلوں کے خلاف ملک بھر میں کانگریس کی قیادت میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریالی کی اجازت کے سلسلہ میں کمشنر اور ڈائرکٹر جنرل پولیس سے نمائندگی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پردیش کانگریس کے تمام قائدین اور محاذی تنظیموں کے ذمہ داروں کو چاہئے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں کارکنوں کی شرکت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریالی کے ذریعہ عوام مودی حکومت کے فیصلوں پر اپنی ناراضگی درج کرائیں گے۔