نئی دہلی ۔ 16 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس ۔ جے ڈی ایس مخلوط حکومت برائے ریاست کرناٹک ’’مستحکم اور مضبوط‘‘ ہے۔ کانگریس قائد ملک ارجن کھرگے نے آج بیان دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اس ریاست کرناٹک کی حکومت کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ وہ نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں حکومت کیلئے کوئی بحران نہیں ہے۔ کانگریس ۔ جے ڈی ایس حکومت برائے کرناٹک مستحکم اور مضبوط ہے اور ایسی ہی برقرار رہے گی۔ بی جے پی حکومت کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
کھرگے نے الزام عائد کیا کہ منگل کے دن دو ارکان اسمبلی نے 7 ماہی حکومت کی تائید سے دستبرداری اختیار کرلی ہے اور چیف منسٹر کرناٹک ایچ ڈی کمارا سوامی نے کہا کہ بی جے پی اور مخلوط حکومت دونوں ایک دوسرے پر ارکان اسمبلی کو خریدنے کے الزامات عائد کررہے ہیں۔