کانگریس، حکومت کے خلاف آر پار کی لڑائی لڑے گی

   

Ferty9 Clinic

بیروزگاری کیخلاف 48 گھنٹوں کی بھوک ہڑتال کا اعلان ، یونیورسٹیز کا دورہ کرے گی، مدھو گوڑ یشکی

حیدرآباد ۔ 17 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس پارٹی عوامی مسائل پر جدوجہد کرے گی۔ طلبہ کے مسائل اور بیروزگاری کے مسئلہ پر حیدرآباد میں 49 گھنٹوں کی بھوک ہڑتال کرے گی۔ 15 اگست سے 17 ستمبر تک گاؤں گاؤں میں پارٹی پرچم کشائی کرے گی۔ قانون سے بالاتر ہوکر اپنے اختیارات کا بیجا استعمال کرنے والے آئی اے ایس، آئی پی ایس عہدیداروں کے خلاف ٹریبونل سے رجوع ہوگی اور پارلیمنٹ میں اس کو موضوع بحث بنائے گی۔ اندرا بھون میں آج تلنگانہ کانگریس سیاسی امور کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اے آئی سی سی انچارج سکریٹری بوس راجو، صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی، مدھوگوڑ یشکی، دامودھر راج نرسمہا، مہشور ریڈی، مہیش کمار گوڑ، گیتاریڈی، سید عظمت اللہ حسینی، انجن کمار یادو، جگاریڈی نے شرکت کی۔ پارٹی میں مختلف جماعتوں کے قائدین کی شمولیت، کسانوں کے مسائل، ملازمتوں کی فراہمی، اراضیات کی فروختگی کے علاوہ دوسرے مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ بعدازاں گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مدھوگوڑ یشکی نے تفصیلات بتائی۔ اس موقع پر مہیش کمار گوڑ کے علاوہ سید عظمت اللہ حسینی بھی موجود تھے۔ مدھوگوڑ یشکی نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں دوسری جماعتوں کے کئی قائدین شامل ہونا چاہتے ہیں اور رابطہ بنائے ہوئے ہیں لیکن کانگریس پارٹی مقامی قائدین سے مشاورت کرنے کے بعد ہی اس مسئلہ پر قطعی فیصلہ کرے گی۔ ایک طرف پارٹی کو دیہی سطح سے مستحکم کرتے ہوئے عوامی مسائل پر حکومت کے خلاف جدوجہد کی جائے گی پارٹی سے انحراف کرنے والے ارکان اسمبلی کے خلاف احتجاج جاری رہے گا اور مسئلہ کو سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔ کانگریس قائدین کیلئے دو روزہ تربیتی کیمپ کا اہتمام کیا جائے گا۔ بیروزگار نوجوانوں کے مسائل پر ایک رپورٹ تیار کی جارہی ہے۔ یونیورسٹیز میں طلبہ سے مشاورت کے بعد حیدرآباد میں 48 گھنٹوں کی بھوک ہڑتال کی جائے گی۔ سرکاری اراضیات کی فروختگی کے خلاف کانگریس پارٹی اپنی حکمت عملی کا اعلان کرے گی۔ ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو بہت جلد فیلڈ کا جائزہ لیتے ہوئے اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ چیف سکریٹری سومیش کمار ریٹائرڈ آئی پی ایس عہدیدار، پربھاکر راؤ ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار، فینانس سکریٹری رام کرشنار اؤ، سدی پیٹ کے کلکٹر وینکٹ رام ریڈی کے خلاف ٹریبونل سے شکایت کی جائے گی اور مسئلہ کو پارلیمنٹ میں موضوع بحث بنایا جائے گا۔ ان عہدیداروں کے جائیدادیں اور اثاثہ جات کو منظرعام پر لایا جائے گا۔ مدھوگوڑ یشکی نے شرمیلا کو مشورہ دیا کہ وہ راج شیکھر ریڈی کو موضوع بحث نا بنائے ہم سب ان کی عزت کرتے ہیں۔ پارٹی میں رہ کر پارٹی کا راز افشاں کرنے والے قائدین پر نظر رکھی گئی ہے۔ پارٹی سے مخبروں کو بھگانے کی خصوصی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔