کانگریس، چیف منسٹر چہرہ کے بغیر اسمبلی انتخابات میں حصہ لے گی

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی : ملک کی پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی نے چیف منسٹر امیدوار کے بغیر حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کانگریس پارٹی کا کہنا ہیکہ انتخابی نتائج کے بعد ہی چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے امیدوار کا انتخاب کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں مقننہ پارٹی فیصلہ کرے گی جس کو اعلیٰ کمانڈ کی منظوری کے بعد قطعیت دی جائے گی۔ چند ایک مواقع کو چھوڑ کر کانگریس نے الیکشن کے دوران چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے امیدوار کو پیش نہیں کیا۔ پنجاب اور اترکھنڈ میں پارٹی کے قائدین چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے امیدوار کو پیش کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ سابق چیف منسٹر ہریش راوت کے حامی انہیں چیف منسٹر کے طور پر پیش کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں تو دوسری طرف پنجاب میں پنجاب کانگریس کے صدر نوجوت سنگھ سدھو کو چیف منسٹر کے طور پر پیش کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہیکہ انتخابات کے پیش نظر دوسرے گروپس کو ناراض کرنے کا خطرہ نہیں لیا جاسکتا۔