کانگریس، کے سی آر خاندان کی طرح عوام کو نہیں لوٹے گی، ریونت ریڈی

   

حیدرآباد ۔ 10 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس کو اقتدار حاصل ہوا تو پارٹی کے سی آر خاندان کی طرح عوام کو نہیں لوٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ دھرانی پورٹل کا استعمال کرتے ہوئے عوام کو دھوکہ دینے پر کے سی آر فیملی کے لئے چرلہ پلی جیل میں ایک ڈبل بیڈروم مکان تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پانچ سال کی جیل ہوگی کیونکہ انہوں نے سکریٹریٹ، مجسمہ امبیڈکر اور یادگار شہیداں کی تعمیر کے دوران کرپشن کیا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس اقتدار پر آنے کے بعد ھرانی پورٹل کو برخاست کردے گی۔ کل یہاں یوتھ کانگریس نیشنل ایگزیکیٹیو کمیٹی میٹنگ میں حصہ لینے کے بعد میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ ان کی اراضی کے بارے میں تفصیلات فراہم کرنے رنگاریڈی کلکٹر کے پاس پھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے تلنگانہ میں ’گدی‘ حکومت بحال کرنے کیلئے دھرانی پورٹل شروع کیا ہے اور دھرانی پورٹل حکومت کے ہاتھوں میں نہیں ہے بلکہ بروکرس کے ہاتھوں میں ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاست میں فی الوقت 97% اراضی تنازعات کیلئے دھرانی پورٹل ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم دھرانی پورٹل کو برخاست کردیں گے‘‘ اضلاع رنگاریڈی، سنگاریڈی اور ملکاجگری کے اراضی ریکارڈس میں دھاندلیاں ہوئی ہیں اور کے سی آر کے قریبی افراد کو ہزاروں ایکرس اراضیات دی گئی ہیں‘‘۔