کانگو میں کشتی الٹنے سے 50سے زائد افراد ہلاک

   

کنشاسا:کانگو میں رواں ہفتے دریا میں کشتی الٹنے کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد ہلاک اور متعدد لاپتا ہو گئے۔خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق شمال مغربی صوبے مونگالا کے گورنر کے ترجمان نیسٹر مگباڈو نے کہا کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب دریا میں کشتی الٹنے کے نتیجہ میں ڈوبنے والے 51 افراد کی نعشیںجمعہ تک نکال لی گئی تھیں جبکہ اب بھی 70 افراد لاپتا ہیں اور 39 افراد کو بچا لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ کشتی میں سوار مزید مسافروں کا پتہ نہیں چلا اور ہم نے کشتی میں گنجائش کی بنیاد پر لاپتہ افراد کا تخمینہ لگایا ہے۔نیسٹر مگباڈو نے کہا کہ حادثہ رات کے وقت خراب موسم میں کشتی میں ممکنہ طور پر حد سے زیادہ مسافروں کے سوار ہونے کی وجہ سے پیش آیا ہو گا۔حادثہ کا دو دن تک کسی کو بھی پتہ نہیں چلا کیونکہ جمعہ تک میڈیا یا حکام کو اس کی اطلاع نہیں دی گئی اور پھر ہفتہ کو صوبائی حکام نے حادثہ کی تصدیق کی۔مگباڈو نے کہا کہ منگالا حکام نے ڈی آر سی کے دارالحکومت کنشاسا میں حکام کو کشتی ڈوبنے کے فوری بعد آگاہ کیا تھا لیکن ہلاکتوں کی تعداد کے بارے میں مزید معلومات کے منتظر تھے۔