حیدرآباد ۔ 25 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ میں پہلی مرتبہ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے حیدرآباد ڈیویژن نے کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشن پر ’ ریسٹورنٹ آن وہیلس‘ شروع کی تاکہ غذا کے شوقین لوگوں کو ایک انوکھے تجربہ سے روشناس کرتے ہوئے کھانے کا ایک منفرد ماحول فراہم کریں ۔ یہ ریاست کا پہلا کوچ ریسٹورنٹ بھی ہے جو چوبیس گھنٹے چلے گا ۔ مسافرین کو منفرد ڈائننگ تجربہ سے روشناس کرنے کیلئے دو ہیرٹیج کوچس کو خوبصورت انٹیرئیرس کیساتھ چمکایا گیا ہے جہاں شمالی ہند مغلائی ، چائنیز اور مزید کئی ڈشیس اور مشروبات کی پیشکش کی جارہی ہے ۔ یہ ریسٹورنٹ پریوار کے ہیومور سکندرآباد کو پانچ سال کیلئے دیا گیا ہے ۔ انیل کمار جین ، جنرل منیجر ساوتھ سنٹرل ریلوے نے حیدرآباد ڈیویژن کے عہدیداروں اور اسٹاف کی اس پہل کیلئے ستائش کی ہے ۔
