کاگنیزنٹ کمپنی تلنگانہ میں بھاری سرمایہ کارے کریگی ۔15 ہزار ملازمتوں کی گنجائش

   

چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی کمپنی کے سی ای او روی کمار سے ملاقات ، 10 لاکھ مربع فیٹ پر نیا سنٹر قائم کیا جائے گا
حیدرآباد : 5 اگست ( سیاست نیوز) معروف آئی ٹی کمپنی Cognizant نے تلنگانہ میں بڑے توسیعی منصوبہ کے ساتھ سرمایہ کاری کیلئے رضامندی کا اظہار کیا ۔ حیدرآباد میں 15 ہزار افراد کو ملازمت فراہم کرنے ایک نیا سنٹر قائم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ یہ سنٹر 10 لاکھ مربع فیٹ اراضی پر قائم کیا جائیگا ۔ امریکہ کے دورہ پر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزیر آئی ٹی و صنعت ڈی سریدھر بابو کے ساتھ کاگنیزنٹ کے سی ای او روی کمار و دیگر نمائندوں سے ملاقات کی ۔ چیف منسٹر نے انہیں تلنگانہ بالخصوص حیدرآباد میں سرمایہ کاری کی سہولتوں اور سرکاری تعاون کی تفصیلات پیش کی جس کے بعد یہ معاہدہ طئے پایا ہے ۔ معاہدے کی بنیاد چیف منسٹر کے گزشتہ سال ڈاؤس دورہ میں رکھی گئی تھی ۔ کمپنی سی ای او روی کمار نے کہا کہ حیدرآباد میں کمپنی کے توسیعی پراجیکٹ پر انہیں بیحد خوشی ہے کیونکہ حیدرآباد ٹکنالوجی اور اختراعی مرکز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں قائم کیا جانے والا نیا سنٹر دنیا بھر سے اپنے گاہکوں کو بہتر خدمات فراہم کرنے میں کارآمد ثابت ہوگا ۔ آئی ٹی خدمات کے ساتھ کنسلٹنگ جدید ترین حل فراہم کریگا ۔ مصنوعی ذہانت ، مشین لرننگ ، ڈیجیٹل انجنیئرنگ اور کلاوڈ سلویشن کے بشمول دیگر جدید ٹکنالوجس پر توجہ کریگا ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت آئی ٹی سیکٹر کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے پُرعزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کاگنیزنٹ کمپنی نئے سنٹر کے قیام کے بعد تمام عالمی ٹکنالوجی کمپنیاں حیدرآباد کا رخ کرینگی ۔ حکومت کمپنی کو تمام سہولتیں اور مدد فراہم کریگی ۔ 2