نئی دہلی :پنجاب۔ہریانہ سرحد پر واقع شمبھو بارڈر کھولنے کے معاملے کی سپریم کورٹ میں 22 اگست کو سماعت ہوگی۔ سپریم کورٹ کسانوں کے ساتھ بات چیت کے لیے مذاکرات کاروں کے پینل کے ناموں کا فیصلہ کر سکتی ہے۔ اس سے پہلے 12 اگست کو جب اس معاملے کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی تو عدالت نے کہا تھا کہ امبالہ اور پٹیالہ کے ایس ایس پیز ایک میٹنگ کریں اور بات کریں اور دیکھیں کہ ضرورت مند لوگوں کے لیے سڑکیں کھولی جا سکتی ہیں۔احتجاج کرنے والے کسان 13 فروری سے شمبھو بارڈر پر ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔ سمیکتا کسان مورچہ اور کسان مزدور مورچہ نے اپنے مطالبات کی حمایت میں دہلی تک مارچ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ دہلی کی طرف کسانوں کے مارچ کو دیکھتے ہوئے، ہریانہ حکومت نے انہیں روکنے کے لیے امبالا-نئی دہلی قومی شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کر دیں تھی۔پولیس نے کسانوں کو شمبھو بارڈر پر ہی روک دیا تھا۔ کسان پچھلے سات ماہ سے وہاں پھنسے ہوئے ہیں۔ہریانہ حکومت نے فروری میں امبالا-نئی دہلی قومی شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کر دی تھیں جب کسانوں نے فصلوں کے لیے ایم ایس پی و دیگر مطالبات کی حمایت میں دہلی تک مارچ کرنے کا اعلان کیا تھا۔