کولکاتا ۔25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر سورو گنگولی نے اپنے آبائی شہر کولکاتا کی سڑکوں کی کچھ تصاویر شائع کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ شہر کی سڑکوں پر کبھی اس قدر سناٹا چھا جائے گا۔دنیا کے تقریباً تمام ممالک میں پھیل چکے موذی کورونا وائرس کی وجہ سے ہندوستان بھر میں لاک ڈاؤن ہے اور لوگوں کو اپنے گھروں میں ہی رہنے کی ہدایت دی جا رہی ہے۔ گنگولی نے اپنے ٹوئٹر پر شہر کے اہم مقامات کی تصویریں شائع کرتے کہا کہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ میرا شہر کولکتا اس طرح نظر آئے گا۔ محفوظ رہیے، یہ صورت حال جلد ہی تبدیل ہو جائے گی۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کے خطرے کو دیکھتے ہوئے تمام مرکز کے زیر انتظام علاقوں سمیت 28 ریاستوں میں لاک ڈاؤن کے حالات ہیں۔ ملک میں کورونا کے اب تک 500 سے زیادہ معاملات سامنے آئے ہیں اور 10 لوگوں کی موت ہوگئی ہے۔ عالمی وبا بن چکے کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں بہت سے ٹورنمنٹ ملتوی یا منسوخ کر دیے گئے ہیں۔