کتور قتل کیس ، قاتل گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 26 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : کتور پولیس نے گذشتہ روز پیش آئی قتل کی واردات کو حل کرتے ہوئے قاتل کو گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس شمس آباد زون کی خصوصی دلچسپی سے ایک نامعلوم شخص کے قتل کا مسئلہ حل کرلیا گیا اور کتور پولیس نے قاتل 50 سالہ ٹی ناگااپا کو گرفتار کرلیا جو رائچور کا متوطن بتایا گیا ہے ۔ اور تماپور ریلوے اسٹیشن کے قریب رہتا تھا ۔ ناگااپا کچرا اور اسکراپ چن کر اپنی زندگی بسر کرتا تھا اور تعجب کی بات تو یہ ہے کہ وہ مقتول کا نام تک نہیں جانتا تھا دونوں کی ملاقات تما پور ریلوے اسٹیشن پر ہوئی اور دونوں میں اسکراپ کی رقم کی تقسیم پر تنازعہ ہوا ۔ دونوں نشہ کی حالت میں دھت تھے ۔ ناگااپا نے رقم کی تقسیم کے مسئلہ پر بحث و تکرار کے بعد مقتول پر حملہ کیا اور چلا گیا ۔ مقتول نے ناگا اپا کا تعاقب کیا اور لاٹھی سے اس پر وار کردیا ۔ قاتل نے مقتول سے لاٹھی چھین کر اس پر حملہ کرتے ہوئے اسے ہلاک کردیا۔ پولیس نے قاتل کو گرفتار کرلیا ۔۔ ع