حیدرآباد 22 جنوری (سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ یاچارم میں کتوں کی ہلاکت کے معاملہ پر ارباب مجاز نے اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ رضاکار تنظیموں کی شکایت پر پولیس نے ضلع انتظامیہ کی ہدایت اور نگرانی میں آج کھدائی کا آغاز کیا اور کتوں کے باقیات کو نکال کر ان کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ پولیس نے اس سلسلہ میں یاچارم گرام پنچایت کے سرپنچ اور سکریٹری کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا۔ یاچارم میں 100 سے زائد آوارہ کتوں کو ہلاک کرنے کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ انیمل پروٹیکشن کی رضاکار تنظیموں نے اس معاملہ میں آواز اُٹھائی تھی۔ اطلاعات کے مطابق سابق رکن پارلیمنٹ و انیمل فاؤنڈیشن سے منیکا گاندھی نے بھی ضلع کلکٹر کی توجہ مبذول کروائی تھی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق منیکا گاندھی نے نارائن ریڈی ضلع کلکٹر سے بات کرتے ہوئے مسئلہ کی سنگینی پر توجہ دلائی تھی۔ آج پولیس جے سی بی کے ذریعہ یاچارم ڈمپنگ یارڈ پہونچی اور کھدائی کرتے ہوئے کتوں کے باقیات کو نکال کر پوسٹ مارٹم کیا۔ ضلع انتظامیہ اور وٹرنری ڈپارٹمنٹ کے ڈاکٹرس کی نگرانی میں کتوں کا پوسٹ مارٹم انجام دیا گیا کہ آیا انہیں کس چیز سے ہلاک کیا گیا۔ اس گرام پنچایت میں سرپنچ اور سکریٹری کو آوارہ کتوں کی بہتات اور حملہ کی متعدد شکایات وصول ہوئی تھیں۔ یاد رہے کہ کاماریڈی ضلع میں 400 کتوں کی ہلاکت کے بعد یہ واقعہ منظر عام پر آیا۔ پولیس ہر زاویہ سے اس معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے۔ع