پہلے ڈھائی سال سی پی آئی اور دوسرے میں کانگریس کا میئر ہوگا
حیدرآباد۔ 15 فروری (سیاست نیوز) کتہ گوڑم میونسپل کارپوریشن کے میئر کے عہدہ پر کانگریس اور سی پی آئی نے مفاہمت کرلی ہے۔ 5 سالہ میعاد میں دونوں پارٹیوں ڈھائی سال اپنے میئر کو منتخب کریں گی۔ میئر اور ڈپٹی میئر دونوں عہدوں کے لئے کانگریس اور سی پی آئی میں مفاہمت ہوچکی ہے۔ معاہدہ کے مطابق ڈھائی سال کی پہلی میعاد سی پی آئی حاصل کرے گی جبکہ دوسری میعاد میں کانگریس کا میئر ہوگا۔ ڈپٹی میئر کے عہدہ کے لئے پہلے ڈھائی سال کانگریس اور دوسرے ڈھائی سال سی پی آئی کا ڈپٹی میئر ہوگا۔ کتہ گوڑم میونسپل کارپوریشن میں سی پی آئی واحد بڑی پارٹی کے طور پر ابھری ہے اور میئر کے عہدہ کے لئے کانگریس کی تائید ضروری ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بی آر ایس نے میئر کے عہدہ کے لئے سی پی آئی کی غیر مشروط تائید کی پیشکش کی تھی لیکن سی پی آئی قائدین نے کانگریس کے ساتھ اپنی مفاہمت کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سی پی آئی لیڈر پی وینکٹ ریڈی اور دوسروں نے صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور دیگر قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے میئر کے عہدہ پر مفاہمت کرلی۔ 1