حیدرآباد۔/18 مارچ، ( سیاست نیوز) ماویسٹ نکسلائیٹس دلم کے ایک اہم رکن نے ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کتہ گوڑم ( بھدرادری ) کے روبرو خود سپردگی اختیار کی۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ماویسٹ نکسلائیٹس دلم کے رکن وی دیوا المعروف روی، چھتیس گڑھ ریاست کے بیجا پور ضلع پامیڈو پولیس اسٹیشن حدود میں مقیم رہ کر اپنی سرگرمیاں جاری رکھا ہوا تھا۔ پالونچہ میں تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے او ایس ڈی ( آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی) مسٹر رمنا ریڈی نے بتایا کہ سال 2014 میں دیوا نے لڑکے و لڑکیوں کے دلم میں شامل ہوا اور 2015 میں ایل او ایس میں دلم رکن کی حیثیت سے شامل ہوکر تب سے ماویسٹ نکسلائیٹس کی بعض اہم سرگرمیوں و پروگراموں میں اشیاء اہم رول انجام دیتا رہا۔ بالخصوص پولیس اور نکسلائیٹس کے مابین پیش آئے واقعات میں بھی اپنا سرگرم رول انجام دیا تھا۔ لیکن اچانک دیوا نے ماویسٹ نکسلائیٹس کی سرگرمیوں سے اپنی بیزارگی کا اظہار کرتے ہوئے سماجی دھارے میں شامل ہونے کا فیصلہ کرکے اچانک سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کتہ گوڑم کے روبرو خود سپرد ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کی مکمل تفتیش کی جارہی ہے۔