حسد اور گھمنڈ دل کو ہلاک کرنے والی بیماریاں، مسجد نور و مدرسہ مصباح الہدیٰ کاماریڈی میں اجتماع، علماء کا خطاب
کاماریڈی۔ 25 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اللہ پاک نے ہمیں اپنے محبوب نبی محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی امت میں پیدا فرمایا یہ وہ نعمت ہے جس کا جتنا بھی شکر بجا لائیں کم ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم ان کی محبت وعقیدت کو دل میں پیوست کرلیں اپنی جان سے زیادہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو عزیز رکھیں پیارے آقا کی ایک ایک سنت کو اپنی زندگی میں لائیں درود شریف کی کثرت کریں ہر دن اور ہر لمحے یہ عہد تازہ رکھیں کہ درود شریف کا اہتمام کبھی ترک نہ ہو۔ ہم روزانہ موبائل اور بے فائدہ مصروفیات میں جو وقت ضائع کرتے ہیں، اس کے مقابلے میں تین سو مرتبہ درود پڑھنا کوئی مشکل نہیں اور علم دین سے وابستہ لوگ تو ایک ہزار مرتبہ ضرور پڑھیں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خواہش ہیکہ امت جمعہ کی رات اور جمعہ کے دن درود پاک کی کثرت کرے جمعہ رحمتوں کا دن ہے گھر کے بڑوں بچوں نوجوانوں سب کی زبان پر درود شریف جاری رہے اور گھر کا ماحول درود کی خوشبو سے بھرا رہے۔ جن لوگوں کا روزانہ ایک ہزار کا معمول ہے وہ جمعہ کے دن اسے تین ہزار تک بڑھا دیں اس میں بے حد برکت ہے ۔ مسجدِ نور و مدرسہ مصباح الہدیٰ کاماریڈی میں منعقدہ ایک روزہ اصلاحی و تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حضرت مولانا مفتی عبدالرشید قاسمی مظاہری نے اللہ کی ذاتِ عالی پر یقین، گناہوں سے اجتناب، حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت و عقیدت و عظمت کے ساتھ اتباعِ سنت اور درود شریف کی کثرت پر تفصیلی خطاب فرمایا۔حضرت مولانا شاہ منیر احمد نور اللہ مرقدہ (کالینا، ممبئی) کے خانقاہی نظام کے تحت محمد انورکی نگرانی میں منعقد ہوا ۔ حضرت مولانا مفتی سعید اکبر نے فرمایا کہ اللہ کو بھول کر دنیا میں مگن ہونے سے غفلت چھا جاتی ہے اور نورانیت ختم ہو جاتی ہے۔ ہمیشہ اللہ کو یاد کرتے رہنا چاہیے۔ جہاں بھی رہیں، دل و دماغ اللہ کی یاد میں مشغول رکھیں غافل ہوں گے اور گناہوں میں پڑیں گے تو دل کا نور جاتا رہے گا تھوڑی سی بد نظری سے دل کا روشن چراغ بجھ سکتا ہے اور عبادت کی لذت ختم ہو جاتی ہے اس لیے ضروری ہے کہ ہم موبائل کے غلط استعمال سے خود کو بچائیں، نگاہوں کو پاکیزہ رکھیں اور دل کی حفاظت کریں۔ آج تکبر کبر حسد اور گھمنڈ عام ہوچکے ہیں یہ دل کو ہلاک کرنے والی بیماریاں ہیں جن کا علاج انتہائی ضروری ہے ہم دین کی خدمت تو کر رہے ہیں مگر دل کا زیور حاصل نہیں کر پا رہے جذبات اور زبان پر قابو نہیں رکھ پا رہے، اور دل کا صحیح استعمال نہیں کر رہے ۔ حافظ محمد فہیم الدین منیری ناظم مدرسہ امام وخطیب مسجدِ نور نے اجتماع کے اغراض و مقاصد اور موجودہ حالات میں ہماری شخصی اور معاشرتی اصلاح پر زور دیتے ہوئے اہل اللہ سے وابستہ ہوکر اپنی زندگی کو شریعت و سنت کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت پر جامع خطاب کیاحافظ محمد یوسف حلیمی انور صدر مسجدِ نور نے مہمانوں کا استقبال کیا حافظ محمد عبدالواجد حلیمی اور دیگر ذمہ داران و نوجوانان نے مہمانوں کی تواضع کی حضرت مولانا مفتی عبد الرشید رشید قاسمی مظاہری ممبئی جانشین (قطب ربانی حضرت مولانا شاہ منیر احمد صاحب نوراللہ مرقدہ)سرپرست اجتماع کی رقت انگیز دعاء پر اختتام پذیر ہوا۔