کجریوال پھر وزیر اعلیٰ بنے تو شیلا دیکشت کی برابری

,

   

نئی دہلی ۔19جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی (عآپ ) کے کنوینر اروند کجریوال دہلی اسمبلی کے اس انتخابات میں اپنی پارٹی کو فتح دلوا کر وزیر اعلی بننے میں کامیاب ہوتے ہیں تو وہ اب تک سب سے زیادہ بار یہ عہدہ سنبھالنے کے شیلا دیکشت کے رکارڈ کی برابری کریں گے ۔ 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں اگر عآپ پارٹی جیت حاصل کرتی ہے تو کجریوال مسلسل تیسری مرتبہ وزیر اعلی کا عہدہ سنبھالیں گے ۔ اس سے قبل شیلا دیکشت مسلسل تین بار دہلی کی وزیر اعلی بنی تھیں ۔ وہ مسلسل پندرہ سال تک دہلی کی وزیر اعلی کے عہدے پر رہیں ۔ کجریوال دو بار سے اس عہدے پر ہیں لیکن ان کی پہلی مدت ِ کار صرف 49 دن کی ہی تھی ۔ شیلا دیکشت نے جہاں وزیراعلی کی حیثیت سے تین میعادِ کار پور اکئے وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے ایک ہی مدتِ کار میں تین وزیر اعلی بنے ۔ دہلی میں 1993 ء میں اسمبلی کا قیام ہونے کے بعد ہوئے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو کامیابی ملی اور مدن لال کھرانہ دسمبر 1993 ء میں وزیر اعلی بنے ۔حوالہ معاملے میں نام آنے پر فروری 1996 ء میں وزیر اعلی کے عہدے سے استعفی دے دیا اور ان کی جگہ صاحب سنگھ ورما نے یہ عہدہ سنبھالا ۔ بی جے پی نے 1998 کے اسمبلی انتخابات سے قبل سشما سوراج کو وزیر اعلی بنایا ۔ اس انتخاب میں بی جے پی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا اور سشما سوراج اس عہدے پر دو ماہ بھی پورا نہیں کر سکیں۔1998 ء کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی جیت کے بعد شیلا دیکشت نے دسمبر 1998 میں وزیر اعلی کا عہدہ سنبھالا ۔ ان کی قیادت میں کانگریس نے اگلے دو انتخابات میں جیت حاصل کی اور شیلا دیکشت دسمبر 2003 ء میں دوسری مرتبہ اور نومبر 2008ء میں تیسری مرتبہ وزیر اعلی بنیں اور دسمبر 2013 ء تک اس عہدے پر رہیں ۔ 2013 ء میں ہوئے انتخابات میں کانگریس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ پہلی مرتبہ انتخابات میں اتری عام آدمی پارٹی نے کانگریس کی حمایت سے حکومت بنائی اور دسمبر 2013 ء میں کجریوال وزیراعلی بنے۔لوک پال کے معاملے میں اختلافات کے سبب انہوں نے فروری 2014 میں اپنے عہدے سے استعفی دے دیا اور دہلی میں صدر راج نافذ کر دیا گیا ۔ 2015 ء میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں عآپ کو زبردست کامیابی حاصل ہوئی ۔ اس نے ستر رکنی اسمبلی میں 67 سیٹیوں پر جیت حاصل کی اور کجریوال فروری 2015 ء میں دوسری مرتبہ وزیر اعلی بنے ۔ عآپ ان کی قیادت میں یہ اسمبلی الیکشن لڑ رہی ہے اور اس انتخاب کیلئے پارٹی نے ’’اچھے بیتے پانچ سال لگے رہو کجریوال‘‘ کا نعرہ دیا ہے ۔