کجریوال کا ایک مارچ سے مجوزہ غیرمعینہ مدت کیلئے دھرنا معطل

   

نئی دہلی۔ 26 فروری (سیاست ڈاٹ کام)دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے پاک مقبوضہ کشمیر کے بالا کوٹ میں فضائیہ کی کاروائی کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان موجودہ صورتحال کے پیش نظر دہلی کو کامل ریاست کا درجہ دلانے کے لیے ایک مارچ سے مجوزہ غیرمعینہ دھرنامعطل کر دیا ہے ۔مسٹر کیجریوال نے فضائیہ کی کاروائی کے بعد منگل کو ٹویٹ کیا،‘ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان موجودہ صورتحال کے پیش نظر میں دہلی کو کامل ریاست کا درجہ دلانے کے لیے اپنا مجوزہ ‘بھوک ہڑتال’کو معطل کر دیا ہے ۔ ہم تمام آج ملک کے ساتھ کھڑے ہیں۔ جموں و کشمیر کے پلوامہ میں 14 فروری کو سی آر پی ایف کے قافلے پر خود کش دہشت گردانہ حملہ کیا گیا جس میں سی آر پی ایف کے 40 افراد سے زیادہ جوان شہید ہوگئے تھے ۔ فضائیہ نے منگل کو علیٰ الصباح بڑی کاروائی میں پاک مقبوضہ بالا کوٹ میں دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے ایک بڑے تربیتی کیمپ کو تباہ کر دیا۔ مسٹر کیجریوال نے ہفتے کے روز دہلی اسمبلی میں کہا تھا،‘ ایک مارچ سے میں بھوک ہڑتال شروع کروں گا ۔ میں تب تک غیر معینہ دھرنے پر رہوں گا جب تک دہلی کو کامل ریاست کا درجہ نہیں مل جاتا۔ اس کے لیے میں موت کا سامنا کرنے کو تیار ہوں‘۔