کجریوال کی جان کو خطرہ، مودی کے کہنے پر دی جارہی ہے دھمکی: سنجے سنگھ

   

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال کی جان کو خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے کہنے پر انہیں کھلے عام دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ آپ کے راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ نے پیر کو کہا کہ جب سے کجریوال جیل سے باہر آئے ہیں، ان پر حملہ کرنے کی مسلسل کوششیں ہو رہی ہیں۔ یہاں تک کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بھی سپریم کورٹ کے فیصلے پر سوال اٹھائے ہیں ۔ وہ اتنے پریشان ہیں کہ اب وہ کجریوال کو کسی بھی طرح کا نقصان پہنچانے کے لیے تیار ہیں۔ وہ ایسا حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جس میں ان کی جان بھی جا سکتی ہے ۔ بی جے پی نے کئی بار کجریوال پر حملہ کی کوشش کی۔ پٹیل نگر اور راجیو چوک میٹرو اسٹیشنوں پر لکھ کر حملے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ سنجے سنگھ نے کہا کہ بی جے پی کجریوال پر اس حملے کی تیاری کر رہی ہے اور اس کا سارا آپریشن وزیر اعظم کے دفتر اور وزیر اعظم کی طرف سے چلایا جارہا ہے ۔