ویلنگٹن 26 جولائی (سید مجیب) اوا العماری نے کہاکہ اُنھیں بھائی چارہ کا احساس ہوتا ہے کیوں کہ اُنھیں اور اُن کے ہمراہ کرائسٹ چرچ فائرنگ سے متاثرہ 200 مسلمانوں کو حج کے دوران سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنا خصوصی مہمان قرار دیا ہے۔ حج پر جملہ 10 لاکھ امریکی ڈالر خرچ ہوتا ہے جس میں سفر کے اور رہائش و طعام کے دوران حج اخراجات بھی شامل ہیں۔ ملک سلمان نے اعلان کیا ہے کہ حکومت سعودی عرب اِن افراد کے مکمل اخراجات برداشت کرے گی۔ سعودی عرب کے سفیر برائے نیوزی لینڈ عبدالرحمن السہیل بنی نے جمعہ کے دن عازمین حج کو الوداع کہتے ہوئے جن کا تعلق مسجد النور کرائسٹ چرچ سے تھا، اس کا انکشاف کیا۔ نیوزی لینڈ کی دو مساجد میں گزشتہ مارچ میں اندھا دھند فائرنگ کے نتیجہ میں 51 مصلی ہلاک ہوگئے تھے اور مہلوکین کے ارکان خاندان متاثر ہوئے تھے۔ اوا العماری نے کہاکہ اُنھیں سعودی عرب کے فرمانروا کی خصوصی مہمان کی حیثیت دیئے جانے پر عجز و انکسار کا احساس ہورہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پہلے تو وہ اِس سفر کی اطلاع پر نروس ہوگئی تھیں لیکن اب اُنھیں اعزاز حاصل ہونے کا احساس ہورہا ہے۔
