حیدرآباد ۔ 17 ۔ مارچ ( این ایس ایس) ریاستی حکومت نے کسانوں کے فائدہ کے مقصد سے کراپ لون (فصل پر دیئے جانے والے قرض) کی معافی کیلئے آج واضح رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں ۔ ریاست کے کسانوں کے حالات کو ملحوظ رکھتے ہوئے حکومت نے زرعی شعبہ کو ترقی دیتے ہوئے 31 مارچ 2014 سے ریاست کے تمام کسانوں کے تمام دیرینہ کراپ لون بقایہ جات معاف کردیئے ہیں ۔ ریاستی ح کومت کے آج جاری کردہ احکام میں کہا گیا ہے کہ یہ اسکیم مختصر مدتی پیداواری قرض اور کراپ لون کا احاطہ کرے گی جو کمرشیل بینکس ، کوآپریٹیو کریڈٹ ادارہ جات سے تقسیم کئے جانے والے قرض ، سونے کے عوض حاصل کئے گئے تھے ۔ احکام کے مطابق فی خاندان زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ روپئے (بشمول شرح سود) قرض معاف کئے جا ئیں گے ۔ کسان کو ہر خاندان میں بحیثیت سربراہ اور شریک حیات و بچوں کو ارکان قرار دیا گیا ہے ۔ پراسیسنگ چارجس ، قانونی اخراجات ، انشورنس اور معائنوں کے مصارف معافی کے مستحق رقم میں شامل نہیں رہیں گے۔