کرسمس کے بعد تلنگانہ کے نئے صدر پردیش کانگریس کا اعلان

   


مانکیم ٹیگور کی غلام نبی آزاد سے مشاورت، ریونت ریڈی اور وینکٹ ریڈی اہم دعویدار

حیدرآباد۔ تلنگانہ میں پردیش کانگریس کے نئے صدر کیلئے ہائی کمان نے مشاورت کا عمل مکمل کرتے ہوئے کرسمس کے بعد اعلان کا منصوبہ بنایا ہے۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی مانکیم ٹیگور ایم پی کی رپورٹ کی بنیاد پر اکثریتی رائے کا احترام کرتے ہوئے نئے صدر کا انتخاب کیا جائے گا۔ مانکیم ٹیگور نے چار دن تک حیدرآباد میں قیام کرتے ہوئے 200 سے زائد مختلف سطح کے پارٹی قائدین سے مشاورت کرتے ہوئے نئے صدر کیلئے موزوں شخصیت کا نام دریافت کیا۔ مشاورت کی خصوصیت یہ تھی کہ نام کے ساتھ ساتھ قائد کی صلاحیتوں کے بارے میں بھی سوالات کئے گئے۔ مانکیم ٹیگور نے اپنی رپورٹ ہائی کمان کو پیش کردی ہے جس کے بعد ہائی کمان نے اے آئی سی سی کے بعض سینئر قائدین سے اس مسئلہ پر مشاورت کی۔ اطلاعات کے مطابق مانکیم ٹیگور نے راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد سے بھی تلنگانہ کی سیاست اور امکانی صدر کے بارے میں سونیا گاندھی کی ہدایت پر بات چیت کی۔ ہائی کمان نے دہلی پہنچنے والے کسی بھی قائد کو ملاقات کا موقع نہیں دیا اور انہیں حیدرآباد واپس ہونے کی ہدایت دی گئی۔ صدر کے عہدہ کیلئے اگرچہ تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے قائدین نے اپنی دعویداری پیش کی ہے تاہم جو 2 دعویدار مضبوط دکھائی دے رہے ہیں اُن میں ارکان پارلیمنٹ ریونت ریڈی اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کرسمس کے بعد نئے صدرکے نام کے اعلان سے قبل ضرورت پڑنے پر تلنگانہ کے قائدین میں اختلافات دور کرنے کیلئے ہائی کمان مساعی کرسکتا ہے تاکہ نئے صدر کے ساتھ تمام قائدین کا تعاون جاری رہے۔ پارٹی نے ابھی تک نئے صدر کے نام کا اعلان نہیں کیا لیکن ریونت ریڈی اور وینکٹ ریڈی دونوں نے اعلان کے ساتھ ہی ریاست گیر سطح پر پدیاترا شروع کرنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔دونوں قائدین بھی پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے ریاست گیر پدیاترا کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ 2004 میں پارٹی کو برسراقتدار لانے کیلئے وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی پدیاترا کارگر ثابت ہوئی تھی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق تلنگانہ میں ضلع کانگریس صدور، جنرل سکریٹریز، نائب صدور اور محاذی تنظیموں کے صدور کی اکثریت نے ریونت ریڈی کے حق میں رائے دی ہے۔