کرشنا اشٹمی جلوس کا رتھ برقی تار سے ٹکرا گیا ۔ 6 افراد ہلاک

   

رامنتا پور میںافسوسناک واقعہ ۔ علاقہ میںکشیدگی ۔ چار افراد زخمی ۔ دواخانہ میں زیر علاج
حیدرآباد:18 اگست ( سیاست نیوز) شہر رامنتا پور علاقہ میں کرشنا اشٹمی جلوس میں پیش آئے سانحہ میں 6 افراد ہلاک ہوگئے ۔ سانحہ کل رات دیر گئے اس وقت پیش آیا جب تمام افراد جلوس میں مگن تھے ، اس دوران رتھ برقی تار سے ٹکرا گیا جس کو جلوس میں شریک افراد کھینچ رہے تھے ۔ اسی دوران 5 افراد برسرموقع ہلاک ہوگئے جبکہ ایک شخص ہاسپٹل میں علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ اس حادثہ میں چار افراد شدید زخمی ہیں جن میں مرکزی وزیر کشن ریڈی کا سیکوریٹی گارڈ بھی شامل ہے ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ مقامی عوام اور متوفیو ں کے افراد خاندان نے سرکاری حکام پر لاپرواہی کا الزام عائد کرکے زبردست احتجاج کیا ۔ اس دوران حالات کا جائزہ لینے پہنچے محکمہ برقی کے سی ایم ڈی مشرف فاروقی کا گھیراؤ کیا ۔ برقی عہدیداروں کو دیکھتے ہی عوام مشتعل ہوگئے اور غم و غصہ کا اظہار کیا ۔ تاہم پولیس نے حالات کو دیکھتے ہوئے جمیعت کو طلب کرلیا اور برقی عہدیداروں بشمول سی ایم ڈی مشرف فاروقی کو تحفظ فراہم کیا ۔ اس دوران مشرف فاروقی نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ آئندہ ایسے حادثات کے تدارک کیلئے موثر اقدامات انجام دیں گے اور واقعہ کی مکمل رپورٹ تیار کی جائے گی ۔ رامنتا پور واقعہ کی اطلاع کے بعد اپوزیشن بی آر ایس قائدین بھی رامنتا پور پہنچے اور سرکاری لاپرواہی کو ان حالات کا ذمہ دار قرار دے کر حکومت پر الزام لگایا کہ وہ انسانی زندگیوں کا تحفظ ادا کرنے میں ناکام ہوگئی ۔ اطلاعات کے مطابق حادثہ رات دیر گئے رامنتا پور کے گوکل نگر میں پیش آیا جہاں کرشنا اشٹمی کا جلوس نکالا گیا۔اس دوران رتھ کو کھینچنے والا ٹریکٹر خراب ہوگیا اور عوام نے آگے بڑھ کر رتھ کو کھینچنا شروع کیا ۔ اچانک رتھ برقی تاروں سے ٹکرا گیا اور خوفناک حادثہ پیش آیا جس میں برسرموقع پانچ افراد ہلاک ہوگئے جن کی شناخت 21سالہ کرشنا یادو ، 34سالہ سریش یادو ، 35 سالہ سریکانت ریڈی ، رودرا ریڈی 39سالہ اور رامچندر ریڈی 45 سالہ کی حیثیت کرلی گئی جبکہ ہاسپٹل میں زیرعلاج 4 افراد میں گنیش نامی شخص فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔ع