کرناٹک ‘ 49 نرسنگ طلبا کورونا پازیٹیو قرار پائے

   

بنگلورو۔ کرناٹک میںمحکمہ صحت کے حکام نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا سے لاپرواہی نہ برتیں کیونکہ کیرالا کے 49 طلبا جو منگلورو میں نرسنگ کالج میں زیر تعلیم ہیں کورونا پازیٹیو قرار پائے ہیں۔ وزْر صحت و طبی تعلیم سدھاکر کے نے آج ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ نرسنگ کالج میں کیرالا سے تعلق رکھنے والے 49 طلبا کے کورونا پازیٹیو قرار پانے کی اطلاع ملی ہے جو یہ یاد دہانی کرواتی ہے کہ کورونا وائرس اب بھی کتنا خطرہ بنا ہوا ہے ۔ عوام کو چاہئے کہ وہ اب بھی ضروری احتیاط کو ملحوظ رکھیں اور کسی طرح کی لاپرواہی نہ برتیں۔ عالیہ انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ دکشن کنڑ ضلع کو طلبا کے کورونا پازیٹیو قرار پانے کے بعد مہربند کردیا گیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ اسٹاف اور عملہ کے علاوہ طلبا کے جملہ 104 نمونوںکو جانچ کیلئے روانہ کیا گیا تھا جن کی رپورٹس دستیاب ہوچکی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ 49 طلبا کورونا سے متاثر ہیں۔ یہ طلبا بی ایس سی نرسنگ کے طالب علم ہیں اور ان کا کیرالا سے تعلق ہے ۔