کرناٹک اسمبلی انتخابات کیلئے 10مئی کو ووٹنگ

   

نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے کرناٹک اسمبلی انتخابات کا آج اعلان کیا۔چہارشنبہ کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں اس کا اعلان کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے کہا کہ ریاست کی 224 اسمبلی سیٹوں کیلئے 10 مئی کو پولنگ ہوگی اور نتائج کا اعلان 13 مئی کو کیا جائے گا۔ اس الیکشن میں پانچ کروڑ 21 لاکھ سے زائد ووٹرز امیدواروں کی انتخابی قسمت کا فیصلہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ اس الیکشن میں 80 سال سے زائد عمر کے ووٹرز اپنے گھروں سے ووٹ ڈال سکیں گے ۔ ریاست میں ووٹنگ کیلئے کل 58 ہزار 282 پولنگ اسٹیشن بنائے جائیں گے ۔ اس بار 9 لاکھ 17 نئے ووٹرز شامل کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل 24 مئی سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔
انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی ریاست میں ماڈل ضابطہ اخلاق نافذ ہو گیا ہے ۔ پولنگ کیلئے ایسے 224 پولنگ اسٹیشن بنائے جائیں گے جہاں نوجوان ملازمین تعینات ہوں گے جبکہ، 100 پولنگ اسٹیشنز میں دویانگ ملازمین تعینات ہوں گے ۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو 104، کانگریس کو 80 اور جنتا دل سیکولر (جے ڈی ایس) نے 37 نشستیں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی۔