کرناٹک: بی جے پی لیجسلیچر پارٹی لیڈر کے بغیر اسمبلی اجلاس میں شریک، کانگریس نے بنایا نشانہ 

   

بنگلورو:کرناٹک میں اپوزیشن جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پیر کو اسمبلی اجلاس میں مقننہ پارٹی کے رہنما کے بغیر شرکت کی۔ حکمراں کانگریس نے اس کو لے کر بی جے پی کو نشانہ بنایا۔ مئی میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے ہاتھوں شکست کے بعد بی جے پی نے ابھی تک اپنے لیجسلیچر پارٹی لیڈر کا انتخاب نہیں کیا ہے۔ پارٹی کے مرکزی رہنما آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔ بی جے پی صدر جے۔ پی نڈا نے مرکزی وزیر منسکھ منڈاویہ اور پارٹی کے جنرل سکریٹری ونود تاوڑے کو اپوزیشن لیڈر کے انتخاب کے لیے بطور مبصر مقرر کیا ہے۔بی جے پی ذرائع نے بتایا کہ مرکزی مبصرین کل بنگلور کا دورہ کریں گے۔ سابق وزیر اعلی بسواراج بومئی اپوزیشن لیڈر کے عہدے کے دعویداروں میں سے ایک ہیں۔