میسور: کرناٹک کے میسور ضلع میں پیرکو سڑک حادثے میں ایک ہی خاندان کے چار بچوں سمیت دس افراد ہلاک ہوگئے۔ حادثہ ٹی نرسی پورہ قصبہ کے قریب کولیگل مین روڈ پرکوروبور کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایک انووا، جس میں خاندان سفرکر رہا تھا، ایک خانگی بس سے ٹکرا گئی۔ پولیس کے مطابق متوفی مالے مہادیشورا پہاڑی کا دورہ کرنے کے بعد میسور واپس آرہے تھے۔ ابتدائی تحقیقات سے پتا چلتا ہے کہ کار اور بس کے ڈرائیور دونوں تیز رفتاری سے گاڑی چلا رہے تھے جس کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا۔ مرنے والوں کی شناخت سجتا (40)، سندیپ (23)، منجوناتھ (35)، پورنیما (30)، گیاتری (28)، آدتیہ، بسوا، کوٹریش (45)، پون (10) اور کارتک (8) کے طور پر کی گئی ہے۔ متوفی کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا اور اس کا تعلق بلاری ضلع کے سنگانکالوگاؤں سے تھا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ سیما لاٹکر نے بتایا کہ انوواکا ڈرائیور توازن کھو بیٹھا اور بس سے ٹکرا گیا۔ دو دیگر کی حالت تشویشناک ہے جن کی شناخت ابھی باقی ہے۔ چیف منسٹر سدارامیا نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرنے والوں کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے معاوضہ دینے کا بھی اعلان کیا۔ زخمیوں کو علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ریاستی گنے کے کاشتکاروں کی اسوسی ایشن کے صدرکوروبورو شانتا کمار نے بتایا کہ یہ حادثہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کی لاپرواہی کی وجہ سے پیش آیا۔ حکام نے سڑک کے کنارے جنگل کی کٹائی نہیں کی ہے۔ جس کے نتیجے میں ڈرائیورز مخالف گاڑیوں کو نہیں دیکھ سکے جس کے نتیجے میں اتنا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ این ایچ اے آئی کو اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کرنی چاہئے۔