کرناٹک کے اسکول میں سی اے اے احتجاج پر غداری کا کیس

   

بیدر ۔28جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) سی اے اے اور این آر سی کے سلسلہ میں احتجاجی ڈرامہ منظم کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کی غلط شبیہ پیش کرنے کی پاداش میں ایک مقامی اسکول کے خلاف غداری کا کیس درج کیا گیا ہے ۔ شاہین اسکول کے انتظامیہ پر مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی کو بڑھاوا دینے کے الزام پر تعزیرات ہند کے دفعات 124(A) اور 153(A) کے تحت مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسکول انتظامیہ نے اسٹوڈنٹس کو سی اے اے اور این آر سی کے خلاف ایسا ڈرامہ منعقد کرنے کی اجازت دی جس میں وزیراعظم مودی کی تضحیک کی گئی ۔ یہ مقدمہ سوشل ورکر نیلیش رکشیال کی شکایت پر 26جنوری کو درج رجسٹر کیا گیا تھا ۔ نیلیش نے الزام عائدک یا کہ اسکولی حکام نے طلبہ کو استعمال کرتے ہوئے 21جنوری کوایسا ڈرامہ منعقد کیا جہاں شہریت ترمیمی قانون اور نیشنل رجسٹر آف سیٹیزنس متعارف کرانے پر مودی کو لعن طعن کی گئی ۔ انتظامیہ نے مسلمانوں میں خوف پیدا کرنے کی کوشش کی ہے ۔