بنگلورو: کرناٹک کے سابق وزیر اعلی ایچ ڈی کمار سوامی نے اتوار کو یہاں تلنگانہ کے وزیر اعلی اور تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے صدر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی۔ دونوں قائدین کے درمیان یہ ملاقات کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے قومی پارٹی بنانے کی کوششوں کے درمیان ہوئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دونوں قائدین کے درمیان ملاقات کے سی آر کی سرکاری رہائش گاہ پرگتی بھون میں دوپہر کے کھانے پر ہوئی یہاں جاری ایک سرکاری ریلیز کے مطابق کمارسوامی اور راؤ نے تلنگانہ کی ترقی، قومی سیاست میں علاقائی پارٹیوں کے رول اور موجودہ حالات میں کے سی آر کو قومی سیاست میں کیا رول ادا کرنا چاہئے اور دیگر قومی سیاسی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ جنتا دل (سیکولر) لیڈر کمار سوامی نے ٹی آر ایس کے ورکنگ صدر اور تلنگانہ حکومت کے وزیر کے ٹی راما راؤ سے بھی ملاقات کی۔