کرناٹک کے متعدد علاقے شدید بارش کی وجہ سے زیر آب، عام زندگی مفلوج

   

ہبلی، 12 جون (یو این آئی) شمالی کرناٹک کے دھارواڑ، ہبلی اور گدگ اضلاع میں رات بھر بارش سے آنے والے سیلاب سے متعدد علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے ضلع دھارواڑ میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے ، جس کے پیش نظر ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ایک خاندان (شوہر، بیوی اور دو بچے ) دھارواڑ کے نوال گنڈ تعلقہ کے یمنور گاؤں کے قریب اپنے فارم ہاؤس میں سیلابی پانی میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ٹوپری جھیل میں پانی کی سطح بڑھنے سے تمام سڑکیں بند ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے فوری رسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے ۔ گدگ۔بیٹاگیری علاقے میں موسلادھار بارش کی وجہ سے رون تعلقہ کے یاوگل گاؤں کے نزدیک ہلہ ندی میں طغیانی آگئی۔ پانی کے دباؤ سے ایک بڑا پل بہہ گیا اور رون-نرگنڈ-یواگل سڑک بند ہو گئی، جس سے مقامی کسانوں اور مسافروں کو پریشانی ہورہی ہے ۔