کرنول بس حادثہ پر چیف منسٹر ریونت ریڈی کا اظہار رنج و غم

   

حیدرآباد، 24 اکتوبر (یو این آئی) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آندھرا پردیش کے کرنول ضلع میں پیش آئے بس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی حکام کو ہدایت دی کہ وہ آندھرا پردیش کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ تال میل قائم کریں تاکہ تمام ضروری امدادی اقدامات فوری طور پر کیے جا سکیں۔ چیف منسٹر نے اس سلسلے میں چیف سکریٹری اور پولیس ڈائرکٹر جنرل سے گفتگو کی اور متاثرہ کنبوں کی مدد کیلئے خصوصی ہیلپ لائن قائم کرنے کی ہدایت دی۔ قابلِ ذکر ہے کہ کرنول ضلع کے کللور ڈویژن کے چنّاٹیکور گاؤں میں آج صبح سویرے ایک نجی مسافر بس میں آگ لگنے سے اس میں سوار 20 مسافروں کی موت ہوگئی۔ پولیس کے مطابق بس میں 41 مسافر سوار تھے ۔ یہ بس حیدرآباد سے بنگلورو جا رہی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ بس نے ایک موٹرسائیکل کو ٹکر ماری جس کے باعث بس کا تیل کا ٹینک پھٹ گیا اور آگ بھڑک اٹھی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق 20 مسافر زندہ جل گئے جبکہ 11 لاشوں کی شناخت ہو چکی ہے ۔ زیادہ تر نعشوں کی شناخت مشکل تھی، تاہم 19 مسافر محفوظ بچ گئے ۔ مہلوکین میں موٹرسائیکل سوار بھی شامل ہے ۔