وزیراعظم مودی اور چیف منسٹر نائیڈو کا اظہار تعزیت
امراوتی ۔ 11 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش کے ضلع کرنول میں ایک تیز رفتار خانگی بس سے جیپ کی ٹکر ہوگئی جس سے 16 افراد ہلاک ہوئے ۔ جیپ طوفان میں سوار دیگر 6 مسافرین شدید زخمی ہوئے جن کو دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے ۔ مہلوکین کی ضلع گدوال میں راما ورم کے مکینوں کی حیثیت سے شناخت کی گئی ۔ یہ لوگ شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس ہورہے تھے کہ حادثہ پیش آیا ۔ بس کے بعض مسافرین کو معمولی زخم آئے ہیں ۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو اور اپوزیشن لیڈر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے گہرے صدمہ کا اظہار کیا ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اس حادثہ میں ہلاک افراد سے اظہار تعزیت کیا ۔ پولیس نے کہا کہ لگثرری بس جو حیدرآباد سے بنگلور کی طرف جارہی تھی ایک موٹر سیکل راں کو بچانے کی کوشش میں دوسری سمت سے آنے والی جیپ سے ٹکرا گئی ۔ یہ حادثہ بھیانک تھا ۔ جیپ بری طرح پچک گئی ہے کیوں کہ بس تیز رفتار سے آر ہی تھی ۔ موٹر سیکل سوار کے بشمول 10 افراد برسر موقع ہی ہلاک ہوگئے ۔۔