کروشیا میں زلزلہ کا طاقتور جھٹکا : عمارتوں کو نقصان

   

زاغریب 22 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) کروشیا اور اس کے دارالحکومت میں آج اتوار کو زلزلہ کا طاقتور جھٹکا محسوس کیا گیا جس کے نتیجہ میں عوام میں خوف و ہراس پیدا ہوگیا اور دواخانوں سے بھی تخلیہ کروادیا گیا ۔ اس جھٹکے کے نتیجہ میں شہر کے تاریخی چرچ کو اور دوسری عمارتوں کو بھی نقصان پہونچا ہے ۔ خبروں میں کہا گیا ہے کہ زلزلہ کی وجہ سے عمارتوں کو ہونے والے نقصان کی زد میں آنے کی وجہ سے ایک 15 سالہ نوجوان شدید زخمی ہوگیا ہے جبکہ کچھ اور لوگ بھی زخمی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ زلزلہ پیما پر اس کی شدت 5.3ریکارڈ کی گئی جو مقامی وقت کے مطابق صبح 6.23 بجے محسوس کیا گیا ۔ سرکاری اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ دارالحکومت زاغریب میں کئی عمارتوں کی دیواروں میں دراڑیں آگئیں اور چھتوں کو بھی نقصان پہونچا ہے ۔ کئی مقامات پر گلیوں میں ملبہ بھی گرپڑا ۔ کئی عمارتوں کی چھتیں کاروں اور دوسری گاڑیوں پر گرگئیں۔ زلزلہ کے متاثرہ مقامات کے جو ویڈیو فوٹیج سامنے آئے ہیں ان سے ان نقصانات کا پتہ چلا ہے جبکہ کئی مقامات پر لوگوں کو اپنے اپنے گھروں سے خوف کے عالم میں باہر نکلتا دکھائی دیا ہے جبکہ کچھ دواخانوں کو بھی فوری تخلیہ کروادیا گیا تھا ۔