امریکہ کے بعد اٹلی اور اسپین کی حالت انتہائی ابتر ۔ کئی ہزار اموات کی توثیق
بیجنگ/جنیوا۔4 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) پوری دنیا کے زیادہ تر (اب تک 185)ممالک میں پھیل چکے کروناوائرس (کووڈ۔19) کی وبا تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور اس خطرناک وائرس سے پوری دنیا میں اب تک 60,000 لوگوں کی موت ہوچکی ہے اور تقریبا 1099389 لوگ اس سے متاثر ہیں اوراب تک 226669 لوگ صحتیاب ہوچکے ہیں۔ہندوستان میں کرونا وائرس کا انفیکشن پھیلتا جارہا ہے اور وزارت صحت کی جانب سے جاری کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق پورے ملک کے مختلف ریاستوں اورمرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اب تک 2902 لوگ اس سے متاثر ہیں جبکہ 68 لوگوں کی موت ہوچکی ہے ۔ وہیں اب تک 184 لوگ ٹھیک ہوچکے ہیں۔اس عالمی وبا کا مرکز چین میں اب تک 82526 لوگوں کی کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے اور 3330 لوگوں کی اس وائرس کے زد میں آنے کے بعد موت ہوچکی ہے ۔ اس وائرس کے سلسلے میں تیار کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق چین میں ہوئی موت کے 80 فیصد معاملے 60 برس سے زیادہ عمر کے لوگوں کے تھے ۔دنیا کاسپرپاور امریکہ میں یہ وبا تباہ کن شکل لے چکی ہے ۔ یہاں پر اب تک 277953 لوگ اس سے متاثر ہوچکے ہیں۔ اس کے بعد کرونا کی سب سے سنگین صورت حال اٹلی اور اسپین کی ہے ۔ عالمی وبا کرونا وائرس سے بری طرح متاثر اٹلی میں اس انفیکشن سے مرنے والوں کی تعداد 14 ہزار کے پار پہنچ چکی ہے ۔ یہاں پر اس جان لیوا وبا کی وجہ سے اب تک 14681 لوگوں کی موت ہوچکی ہے جبکہ 119827 لوگ اب تک اس سے متاثر ہیں۔اسپین میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کا اعدادوشمار گیارہ ہزار کے پار ہوچکا ہے ۔ یہاں اس انفیکشن کی وجہ سے اب تک 11198 لوگوں کی جان جاچکی ہے جبکہ 119199 لوگ اس سے متاثر ہیں۔فرانس میں اس عالمی وبا کی وجہ سے اب تک 6507 لوگوں کی موت ہوچکی ہے جبکہ 65202 لوگ اس سے متاثر ہیں۔ وہیں برطانیہ میں کرونا سے اب تک 38690 لوگ متاثر ہیں جبکہ3605 لوگوں کی موت ہوچکی ہے ۔